پاناما لیکس میں شامل سابق ڈی جی پورٹ قاسم اتھارٹی کے خلاف تحقیقات شروع

ویب ڈیسک  پير 23 اپريل 2018
سندھ ہائی کورٹ کا نیب کو 3 ماہ میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم۔  فوٹو :فائل

سندھ ہائی کورٹ کا نیب کو 3 ماہ میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم۔ فوٹو :فائل

 کراچی: پاناما پیپرز میں نام آنے کے بعد نیب نے سابق ڈی جی پورٹ قاسم اتھارٹی عبدالستار ڈہیرو اور ان کی اہلیہ کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب نے سابق ڈی جی پورٹ قاسم عبدالستار ڈہیرو اوران کی اہلیہ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جب کہ نیب نے اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کو بھی آگاہ کردیا ہے، عدالت نے ملزمان کے خلاف نیب کو 3 ماہ میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عبدالستار ڈہیرو اور ان کی اہلیہ کا نام پاناما پیپرز میں آیا تھا، ملزمان نے غیر قانونی طور پر آف شور کمپنیاں بنائیں جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عبدالستار نے سرکاری عہدے پر رہتے ہوئے کوئی کرپشن نہیں کی لہذا نیب کو ملزمان کے خلاف تحقیقات کا اختیار نہیں۔

جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس میں کہا کہ شریف فیملی کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز پاناما پیپرز میں نام آنے کے بعد کیا گیا اور آف شور کمپنیاں بنانے پر نیب کیسز بنے ہیں، ان کے خلاف بھی نیب تحقیقات کے بعد دودھ کا اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ پاناما پیپرز میں سیکڑوں پاکستانیوں کے نام سامنے آئے تھے جو آف شور کمپنیوں کے مالک تھے۔ ان میں پورٹ قاسم اتھارٹی کے سابق جنرل مینیجر عبدالستار ڈہیرو بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔