پانی بحران، ماہرین نے کالا باغ ڈیم بنانے کی تجویز دے دی

نمائندہ ایکسپریس  منگل 24 اپريل 2018
پانی محفوظ کرنے کی استعداد بڑھانا ہو گی، آصف یاسین، سلمان بشیر، شمس الملک۔ فوٹو: فائل

پانی محفوظ کرنے کی استعداد بڑھانا ہو گی، آصف یاسین، سلمان بشیر، شمس الملک۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  دفاعی، آبی اور سفارتی ماہرین نے ملک میں پانی کے بڑھتے بحران کو سنگین خطرہ قراردیتے ہوئے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی بجائے کالاباغ ڈیم بنانے کی تجویز دے دی۔

پاکستان ہاؤس کی جانب سے پاکستان کی واٹر سیکیورٹی پالیسی، خطرات اور چیلنجز کے موضوع پرقومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

سابق سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)آصف یاسین ملک نے کہاکہ ملک میں پانی کامسئلہ سنگین شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔پانی کے حوالے سے کراچی کے حالات مستقبل میں معاملے کی سنگینی کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ واٹر سیکیورٹی نیشنل سیکیورٹی کاحصہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر سیاسی جماعتوں کو مثبت قدم اٹھانا چاہیے۔

سابق سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہاکہ پانی کے معاملے کو ہمیں علاقائی سطح پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ مودی حکومت پانی کے مسئلے پرپاکستان کودھمکیاں دے رہی ہے ،انھوں نے کہا کہ پاکستان کو پانی محفوظ کرنے کی استعداد کاربڑھانا ہوگی۔

سابق چیئرمین واپڈا شمس الملک نے کہاکہ کالا باغ ڈیم نہ بننے کیوجہ سے پاکستانی عوام سالانہ 192 ارب ادا کر رہے ہیں پاکستان میں کالا باغ اور بھاشاڈیم جیسے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔