یوتھ اولمپکس کوالیفائنگ؛ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی بنکاک روانگی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 24 اپريل 2018
نائن اے سائیڈ ایونٹ کل شروع ہوگا، کپتان وقاص احمد کامیابی کیلیے پُراعتماد۔ فوٹو: سوشل میڈیا

نائن اے سائیڈ ایونٹ کل شروع ہوگا، کپتان وقاص احمد کامیابی کیلیے پُراعتماد۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 کراچی:  یوتھ اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں شر کت کیلیے پاکستان انڈر18ہاکی ٹیم بنکاک روانہ ہو گئی۔

کپتان محمد وقاص احمد نے کہا ہے کہ بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے، نائن اے سائیڈ ایونٹ کے لیے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے، قوی امید ہے کہ کامیابی سے ہمکنار ہونگے، انھوں نے اس امر کا اظہار یوتھ اولمپکس کے لیے پاکستان کی 9 رکنی جونیئر ہاکی ٹیم کی بنکاک روانگی سے قبل ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم پر بات چیت کرتے ہوئے قومی جونیئر کپتان نے کہا کہ بنکاک میں 25 اپریل سے شیڈول یوتھ اولمپکس کے ایشیا کوالیفائنگ راؤنڈ مقابلوں میں کامیابی کی بہت امید ہے، توقع ہے کہ فتح کو گلے لگا کر فائنل راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں نے بہت محنت کی جبکہ ان کے درمیان ہم آہنگی بھی قائم ہوگی جو ایونٹ میں معاون ثابت ہوگی، وقاص احمد نے کہا کہ اگر قوم کی دعائیں شامل حال رہیں توجونیئر کھلاڑی پاکستان کو اس کے کھوئے ہوئے مقام کو واپس دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان جونیئرٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اولمپئن محمد عثمان نے کہا کہ 25 سے 29 اپریل تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں شیڈول ایشین کوالیفائنگ راؤنڈ میں بہتر نتائج کی توقع ہے، ایونٹ میں مختصر طرز کی ہاکی فائیو اے سائیڈ کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔

پی ایچ ایف نے اس امر کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک بھر سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے کیمپ میں ان کے درمیان فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا جس کے دوارن قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اولمپئن اصلاح الدین صدیقی اور رکن اولمپئن ایاز محمود نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لے کر ان کو شارٹ لسٹ کیا جس کے بعد حتمی ٹیم شکیل دی گئی۔

اولمپئن عثمان نے کہا کہ فائیو اے سائیڈ ہاکی میں فٹنس کو سب سے زیادہ اہمیت ہوتی ہے پھرکھلاڑیوں کی مہارت آتی ہے،چنانچہ انٹرنیشنل معیار کے مطابق کھلاڑیوں کی فٹنس حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ہمارے کھلاڑیوں کی مہارت پر کوئی شبہ نہیں، اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ 11 ٹیموں کے درمیان شیڈول کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے پول میں 5 ٹیمیں شامل ہیں، پاکستان کو ملائیشیا سمیت دیگر حریف ٹیموں کے خلاف بہتر کارکردگی کی توقع ہے، ہمارا ہدف سیمی فائنل اور پھر فائنل میں رسائی ہے، فائنل میں جگہ بنانے کی صورت میں پاکستان ایشیا سے یوتھ اولمپکس میں شرکت کا اہل ہوجائیگا، بعدازاں ایونٹ میں شرکت کے لیے قومی جونیئر ٹیم پیر کی شب کراچی سے بنکاک روانہ ہوگئی۔

9 رکنی اسکواڈ کی قیادت وقاص احمد کرینگے، محب اللہ ان کے نائب ہونگے، ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں علی رضا، مرتضیٰ یعقوب، جنید رسول، محسن خان اور ذوالقرنین شامل ہیں، سہیل رضوی معاون کوچ کی ذمے داری ادا کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔