سپر کبڈی لیگ میں ٹیموں کے ڈرافٹس کا مرحلہ مکمل

اسپورٹس رپورٹر  منگل 24 اپريل 2018
ہر فرنچائز نے 2 پلاٹینیم، 7گولڈ اور ایک غیرملکی کھلاڑی کا انتخاب کرلیا، تمام سائیڈزکی کٹس بھی متعارف کرادی گئیں۔ فوٹو: فائل

ہر فرنچائز نے 2 پلاٹینیم، 7گولڈ اور ایک غیرملکی کھلاڑی کا انتخاب کرلیا، تمام سائیڈزکی کٹس بھی متعارف کرادی گئیں۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستان سپر کبڈی لیگ کیلیے ٹیموں کے ڈرافٹ مکمل ہوگئے جب کہ ہر ٹیم نے پلاٹینیم، گولڈ اور فارن پلیئرز کیٹیگریز میں سے 10،10 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

پاکستان سپر کبڈی لیگ کے اولین ایونٹ کا انعقاد یکم سے 10 مئی تک لاہور میں ہوگا، لیگ میں شریک 10 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں پشاور حیدرز، کشمیر جانباز، گجرات واریئرز، ساہیوال بلز، کراچی زورآور، اسلام آباد آل اسٹارز، فیصل آباد شیردل، لاہور تھنڈرز، گوادر بہادرز اور ملتان سکندرز کی ٹیمیں شامل ہیں۔ مقامی ہوٹل میں ڈرافٹس کی تقریب منعقد کی گئی، مجموعی طور پر 126کھلاڑی ڈرافٹس کا حصہ بنے جنھیں 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا۔

پلاٹینیم میں20، گولڈ میں90 اور فارن کیٹیگری میں 16 پلیئرز کو رکھا گیا جن میں ایران کے 5، سری لنکا، عراق، کینیا، بنگلہ دیش اور ملائیشیا کے 2، 2 جبکہ جاپان کا ایک کھلاڑی ڈرافٹنگ میں شامل تھے، ہر ٹیم 10 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن میں 2 پلاٹینم، 7 گولڈ اور ایک غیرملکی کھلاڑی ہے، ہر ٹیم کیلیے کھلاڑی خریدنے کی حد 15 لاکھ روپے مقرر تھی۔ سب سے پہلے قرعہ اندازی کے ذریعے تمام فرنچائزز کے کوچز کا انتخاب کیا گیا۔

زاہد رشید (پشاور)، عدنان ارشد (کشمیر)، راحت مقصود (گجرات)، محمد شفیق (ساہیوال)، غلام محمد (کراچی)، سیف اللہ (اسلام آباد)، مبشر اقبال (فیصل آباد)، اقرار حسین (لاہور)، بادشاہ گل (گوادر)، غلام علی بٹ (ملتان) بطور کوچز منتخب ہوئے۔

بعد ازاں کبڈی کوچز نے منیجمنٹ کے ساتھ مل کر اپنی ٹیموں کیلیے کھلاڑی چنے۔ فیصل آباد نے پلاٹینیم کیٹیگری میں ناصر علی، ابرار خان، گولڈ کیٹیگری میں اعظم شاہ، حیدر علی، راشد محبوب، شرافت علی، عابد حسین، احمد، وسیم اکرم جبکہ غیرملکی پلیئر رانیڈو چمارا (سری لنکا) کو منتخب کیا۔ گجرات نے پلاٹینیم کیٹیگری میں محمد عمران، تحسین اللہ، گولڈ کیٹیگری میں وقار علی، دلدار احمد، محمد طارق، رائے مبشر علی، اسد علی، شبیر اللہ، سیف اللہ جبکہ غیر ملکی پلیئر محمد بابا علی (ایران) کو چنا۔ گوادر نے پلاٹینم کیٹیگری میں ابرار حسین، علی شان، گولڈ کیٹیگری میں وقار اسلم، رحمان علی، عادل حسین، شعیب ممتاز، اعجاز مسیح، بلال خان، شہباز علی جبکہ غیر ملکی پلیئر ملندا چتورنگا (سری لنکا)کا انتخاب کیا۔

کراچی نے پلاٹینیم کیٹیگری میں محمد ندیم، واجد علی، گولڈ کیٹیگری میں محمد مشاہد، عبدالمنان، محمد سلیم، شبیر احمد، عباس علی، سیف الملوک، عدیل اعظم جبکہ غیر ملکی پلیئر مسعود کریم (بنگلہ دیش) کو اپنے اسکواڈ میں جگہ دی۔

ملتان نے پلاٹینیم کیٹیگری میں وسیم سجاد، ارسلان احمد، گولڈ کیٹیگری میں صابر علی، عبدالمختار، وقاص حسین، جنید سرور، محمد عقیل، محمد مصطفیٰ بجلی، امجد علی جبکہ غیرملکی پلیئر جابر حماتی (ایران) کو ٹیم کا حصہ بنایا۔ ساہیوال نے پلاٹینیم کیٹیگری میں محمد نثار، سجاد شوکت، گولڈ کیٹیگری میں وقاص علی، حسن علی، عامر محمود، افضل علی، فیضان ریاض، عابد حسین، رفیق جبکہ غیر ملکی پلیئر سبوج (بنگلہ دیش) کو اپنی ٹیم میں جگہ دی۔ پشاور نے پلاٹینیم کیٹیگری میں اخلاق حسین، عثمان زادہ، گولڈ کیٹیگری میں قیصر عباس، سبحان اسلم، عثمان خالد، محمد یوسف، محمد یاسین، عبدالرحمان، عمران علی جبکہ غیرملکی پلیئر میلاد شیرہاک (ایران) ٹیم میں شامل کیا۔

اسلام آباد نے پلاٹینیم کیٹیگری میں محمد رضوان، محمد ارشاد، گولڈ کیٹیگری میں زاہد نواز، حسن رضا، شاہد اقبال، محمد ذیشان، فیصل ندیم، آصف ججہ، ذین علی جبکہ غیرملکی پلیئر فرہاد ناگی (ایران) کا انتخاب کیا۔

لاہور نے پلاٹینیم کیٹیگری میں مدثر شاہ، محمد سفیان، گولڈ کیٹیگری میں احسن محمود، عاطف سہیل، محمد افضل، محمد علی، محمد مجاہد، محمد عابد، مظہر اقبال جبکہ غیرملکی پلیئر مرتضیٰ جیلام (ایران)کو چنا۔ کشمیر نے پلاٹینیم کیٹیگری میں کاشف رزاق، عاطف وحید، گولڈ کیٹیگری میں صدام حسین، مزمل حسین، سجاد احمد، عاصم حنیف، طارق منیر، توحید شفا، شہرام علی جبکہ موگلین (ملائیشیا) کو غیرملکی پلیئر کے طور پر منتخب کیا۔ آخر میں تمام ٹیموںکی کٹس بھی متعارف کرائی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔