ملک کی خاطر کائونٹی آفر ٹھکرادی ، مصباح الحق کا انکشاف

اسپورٹس ڈیسک  پير 15 اپريل 2013
ووسٹرشائر کا پیش کردہ دو برس کا معاہدہ انٹرنیشنل ذمہ داریوں سے متصادم رہا. فوٹو: اے ایف پی/فائل

ووسٹرشائر کا پیش کردہ دو برس کا معاہدہ انٹرنیشنل ذمہ داریوں سے متصادم رہا. فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: کپتان مصباح الحق نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے قومی ذمہ داریوں کی خاطر ووسٹرشائر کی بیش قیمتی ڈیل ٹھکرا دی۔

ان کا کہنا ہے کہ انگلش کائونٹی نے دو برس کے معاہدے کی پیشکش کی تھی مگر میرے لیے ملک اہم ہے۔ ووسٹر شائر کو آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی عدم دستیابی کے باعث ایک اوورسیز بیٹسمین کی تلاش تھی جس کے لیے انھوں نے مصباح سے رابطہ کیا مگر مکمل سیزن کے حوالے سے دونوں فریقین کسی معاہدے پر نہیں پہنچ پائے۔ اس بارے میں مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ میرے لیے ایک پرکشش ڈیل تھی مگر یہ میری انٹرنیشنل ذمہ داریوں سے متصادم بھی تھی۔

انھوں نے مجھے دراصل دو برس کے معاہدے کی پیشکش کی تھی ساتھ میں یہ بھی کہا تھا کہ باہمی رضامندی کی صورت میں اس میں ایک سال کی اور توسیع بھی ہوسکتی ہے، کائونٹی کرکٹ کھیلنا بھی کافی اہمیت کا حامل ہے مگر میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ میں میرا اہم کردار ہے، اس لیے میں پوری توجہ صرف ٹیم پر ہی دینا چاہتا ہوں۔ واضح رہے کہ مصباح الحق کی جانب سے انکار کے بعد ووسٹرشائر نے سری لنکا کے سابق مڈل آرڈر بیٹسمین تھیلان سماراویرا کی خدمات 2013 کے سیزن کے لیے حاصل کی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔