کراچی دو دریا پر فوڈ اسٹریٹ کے خاتمے کا کام شروع، متعدد ریسٹورینٹس بند

ویب ڈیسک  منگل 24 اپريل 2018

 کراچی: دو دریا پر فوڈ اسٹریٹ بند کرنے کا کام شروع ہوگیا اور ریسٹورینٹ ملازمین نے بندش کے خلاف احتجاج کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے مشہور ساحلی علاقے سی ویو دو دریا پر واقع فوڈ اسٹریٹ بند کرنے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ ڈی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے 3 ریسٹورینٹس کو بند کردیا گیا ہے جبکہ دیگر ریسٹورینٹس کو بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ریسٹورینٹس کے عملے اور ملازمین نے فوڈ اسٹریٹ ختم کرنے کے حکم کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی ہے۔

ایک ریسٹورینٹ کی انتظامیہ نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کرلیا ہے۔ سی ویو دو دریا پر بین الاقوامی معیار کے 17 ریسٹورینٹس قائم ہیں۔ مالکان کا کہنا ہے کہ 17 ریسٹورینٹ میں 10 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں جن کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔ ادھر ڈی ایچ اے انتظامیہ نے کہا ہے کہ ریسٹورنٹس کے مالکان کے ساتھ ان کا معاہدہ جون میں ختم ہورہا ہے۔

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کی جانب سے دودریا پر قائم ریسٹورنٹس کو دو ماہ میں کاروبار بند کا نوٹس دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ جون سے قبل ریسٹورنٹس بند کردیں۔ اطلاعات کے مطابق دو دریا پر ریسٹورینٹس بند کرکے وہاں بلند رہائشی و کمرشل عمارتیں اور ہوٹلز تعمیر کیے جائیں گی۔ دو دریا کی فوڈ اسٹریٹ بند ہونے پر کراچی کے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ وہ ایک دل کش تفریحی مقام سے محروم ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔