سندھ میں انٹر امتحانات: پیپر شروع ہونے سے 10 منٹ پہلے پرچہ آؤٹ

ویب ڈیسک  منگل 24 اپريل 2018

کراچی: سندھ میں آج سے شروع ہونے والے انٹر کے امتحانات میں پہلے ہی روز بدنظمی دیکھی گئی اور پیپر شروع ہونے سے 10 منٹ پہلے پرچہ واٹس ایپ کی زینت بن گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ میں آج سے شروع ہونے والے انٹر کے امتحانات میں پہلے ہی روز شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی، جب کہ چیئرمین انٹر بورڈ نے کہا آدھا گھنٹے پہلے پرچہ امتحانی مرکز پہنچ جاتا ہے، جس کے بعد بورڈ کی ذمے داری ختم ہوجاتی ہے، انہوں نے پرچہ آؤٹ ہونے کی تحقیقات کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امتحان میں نقل روکنا ان کا نہیں بلکہ محکمہ تعلیم کاکام ہے۔ ایم سی کیوز کا پرچہ 10 منٹ پہلے اور 10 منٹ بعد سوالات کے جوابات بھی سوشل میڈیا پر جاری ہوگئے۔ چیئرمین انٹر بورڈ کی موبائل پر پابندی بھی  دھری کی دھری رہ گئی ، چئیرمین انٹربورڈ پروفیسر انعام احمد نے واٹس ایپ پر پرچہ آؤٹ ہونے کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکوئی بھی واٹس ایپ گروپ بنا سکتا ہے، اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکتی کہ اس میں انتظامیہ ملوث ہے۔

دوسری جانب انٹر بورڈ نے امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے طلبا کے اپنے ہی کالج کو ہوم سینٹر بنادیا بورڈ کا کہنا ہے کہ  طلبا کو پیپر دینے کےلئے کسی اور کالج جانے کی ضرورت ہی نہیں طلبا اپنے ہی کالج میں پڑھیں اور وہیں امتحان دیں، گورنمنٹ ڈگری کالج ملیر اور آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج ملیر کینٹ کو ہوم سینٹر بنادیا گیا جس سے نقل کے امکانات بڑھ گئے۔ اس حوالے سےچیئرمین انٹر بورڈکا کہنا ہے کہ بورڈ کو ہوم سینٹرز بنانے کا اختیار ہوتا ہے۔

دوسری جانب گھوٹکی، حیدر آباد اور سکھر میں بھی نقل کا سلسلہ زوروں پر ہے، حیدرآباد میں ویجیلینس ٹیموں نے طلبا سے بڑی تعداد میں نقل کا مواد برآمد کرلیا تاہم کوئی امیدوار پکڑا نہیں جاسکا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں انٹر بورڈ کی جانب سے امتحانی مراکز پر میڈیا کوریج پر پابندی عائد ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔