کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 اغوا کار ہلاک، 7 سالہ مغوی بچہ بازیاب

ویب ڈیسک  منگل 24 اپريل 2018
ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں اغوا کار دو افراد مارے گئے، ایس ایس پی جنوبی : فوٹو : فائل

ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں اغوا کار دو افراد مارے گئے، ایس ایس پی جنوبی : فوٹو : فائل

کراچی: ڈیفنس میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں دو اغوا کار ہلاک ہوگئے جب کہ 7 سالہ بچے کو بازیاب کرالیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس 26 اسٹریٹ پر ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں 7 سالہ بچے کو بازیاب کرالیا گیا ہے جبکہ دو اغوا کار ہلاک ہوگئے۔ ایس ایس پی کراچی جنوبی سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ کالے شیشوں والی بغیر نمبر پلیٹ گاڑی کو پولیس ٹیم نے رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن ملزمان نے گاڑی تیز کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس پارٹی کے پیچھا کرنے پر ملزمان نے گاڑی روک کر بچے کو راستے میں اتار دیا۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں دو اغوا کار مارے گئے، ملزمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔ سرفراز نواز نے بتایا کہ 7 سالہ شاہ ویز نامی بچے کو آج صبح ڈیفنس سے ہی اغوا کیا گیا تھا اوراغوا کار دو گاڑیوں پر سوار تھے لیکن مقابلے کے وقت دوسری گاڑی میں سوار ملزمان فرار ہوچکے تھے جن کی تلاش کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔