11مئی کو شیر کے سواکوئی نشان نظر نہیں آئیگا، عابد شیر

مانیٹرنگ ڈیسک  پير 15 اپريل 2013
ہمارا مقابلہ کرپشن سے ہے: تحریک انصاف کے عدنان انور کی ’’تکرار‘‘ میں گفتگو. فوٹو: فائل

ہمارا مقابلہ کرپشن سے ہے: تحریک انصاف کے عدنان انور کی ’’تکرار‘‘ میں گفتگو. فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے این اے 84 سے امیدوار عابد شیر علی نے کہا ہے کہ فیصل آباد مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے،11 مئی کو شیر کے سوا کوئی اور نشان نظر نہیں آئے گا۔ تحریک انصاف کا یہاں وجود نہیں۔

راجہ ریاض کا سورج غروب ہو چکا ہے وہ اپنی سیٹ کی فکر کریں۔ ہم نے ان کو بھاگنے نہیں دینا۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’تکرار‘‘ کے میزبان عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ ان کا دعویٰ ہے کہ عابد شیر علی اس مرتبہ اسمبلی نہیں جا سکیں گے۔ رانا ثنا اللہ نے پیپلز پارٹی سے اپنی سیاست شروع کی تھی، اب ان کی کوئی حیثیت نہیں۔ لوگ لوٹوں کو مسترد کر دیں گے۔ تحریک انصاف یہاں نظر نہیں آتی۔ پیپلز پارٹی کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی کے امیدوار عدنان انور نے کہا کہ پولنگ قریب ہے ان سب کو جلد پتہ چل جائے گا کہ کس پارٹی کی جڑیں عوام میں اور کس کی ہوا میں ہیں۔ دونوں پارٹیاں مفاد پرستوں کا ٹولہ ہیں۔ ہمارا مقابلہ کرپشن کے ساتھ ہے۔ جھنگ سے قومی اسمبلی کے امیدوار فیصل صالح حیات نے کہا کہ ان کو پورا یقین ہے کہ وہ جیت جائیںگے کیونکہ ان کا اپنے ووٹروں کے ساتھ ذاتی تعلق ہے۔ جھنگ ہی سے امیدوار مولانا احمد علی لدھیانوی نے کہا کہ ان کے مخالف شیخ وقاص اکرم جعلی ڈگری کی وجہ سے نااہل ہو گئے ہیں، وہ سب کا مقابلہ کریں گیاور اسمبلی میں پہنچے کے بعد فرقہ واریت کے خاتمہ کے لیے قانون سازی کرائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔