اے این پی:پیپلزپارٹی کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی پیشکش مسترد

نمائندہ ایکسپریس  پير 15 اپريل 2013
اب تاخیر ہوچکی،اسفندیارولی،پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت کوبھی تحفظات تھے۔ فوٹو: فائل

اب تاخیر ہوچکی،اسفندیارولی،پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت کوبھی تحفظات تھے۔ فوٹو: فائل

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی نے پیپلزپارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خواہش کو مسترد کرتے ہوئے اکیلے ہی انتخابی میدان میں اترنے کا اعلان کردیا ہے۔

اس سلسلے میں پارٹی امیدواروں کو اپنے متعلقہ حلقوں میں انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلانے اور تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی بھی مقامی قیادت اور انتخابی امیدواروں نے ایسی کسی بھی ایڈجسٹمنٹ کے امکانات کو مسترد کردیا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے گزشتہ روز اے این پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہدایت کرتے ہوئے اس سلسلے میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ تاہم عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے پارٹی کے سینئررہنمائوں سے مشاورت کے بعد پیپلزپارٹی سمیت کسی بھی پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ اے این پی الیکشن کے لیے اکیلے ہی میدان میں اترے گی۔

ایکسپریس نے اس بارے میں جب اے این پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات زاہدخان سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہاکہ ہم پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی جانب سے بیان اور کمیٹی کی تشکیل کا احترام کرتے ہیں تاہم اب بہت تاخیر ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے اکیلے ہی الیکشن کے لیے میدان میں اترنے اور اسی کے تحت پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا تھا۔ ہم فیصلہ کرچکے اور اب ہم اپنے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔