ن لیگی کارکنان کا ٹکٹ کی غیر منصفانہ تقسیم کیخلاف مظاہرہ

اسٹاف رپورٹر  پير 15 اپريل 2013
آصف خان اورہمایوں خان کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے،مظاہرین۔ فوٹو: فائل

آصف خان اورہمایوں خان کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے،مظاہرین۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کیماڑی کے کارکنان نے پارٹی قیادت کی جانب سے کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے239 اور سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس89 پر پارٹی ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف اتوار کو مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر غوث علی شاہ کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ این اے239 اور پی ایس89 پر پارٹی نے جن رہنمائوں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں ٹکٹوں کی تقسیم غیر منصفانہ ہے، مظاہرین نے کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ این اے 239 پر آصف خان اور پی ایس89 پر ہمایوں خان کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے اور پی ایس89 پر سینئر مسلم لیگی کارکن غلام حیدر کو ٹکٹ جاری کیا جائے۔

بعد ازاں مظاہرین نے وفد کی صورت میں (ن) لیگ سندھ کے صدر غوث علی شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، غوث علی شاہ نے وفد کے تحفظات کو غور سے سنا اور کہا کہ احتجاج کرنا مظاہرین کا جمہوری حق ہے، انھوں نے یقین دلایا کہ وفد کے تحفظات سے مرکزی قیادت کو آگاہ کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔