سسرالیوں کے ہاتھوں زندہ جلائی گئی خاتون نے دم توڑدیا

ویب ڈیسک  بدھ 25 اپريل 2018
فوزیہ کے جسم کا 90 فیصد حصہ جل چکا تھا، اسپتال ذرائع  فوٹوفائل

فوزیہ کے جسم کا 90 فیصد حصہ جل چکا تھا، اسپتال ذرائع فوٹوفائل

فیروزوالا: شاہدرہ کے علاقے مجید پارک میں سسرالیوں کے ہاتھوں پیٹرول چھڑک کر جلائی جانے والی خاتون میو اسپتال میں دم توڑ گئی۔           

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیروز والا بیگم کوٹ شاہدرہ کے علاقے مجید پارک میں فوزیہ شوکت نامی 24 سالہ خاتون کو گزشتہ روز ان کے سسرالیوں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی۔ فوزیہ کو گزشتہ روز شدید تشویشناک حالت میں لاہور کے میو اسپتال لایا گیا تھا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے باعث فوزیہ کا 90 فیصد جسم جل چکا تھا۔ ڈاکٹروں نے خاتون کو بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گئی۔ فوزیہ نے اپنے آخری بیان میں خود کو جلانے کا ذمہ دار اپنے جیٹھ، نند اور ساس کو قرار دیا تھا۔

تھانہ شاہدرہ پولیس نے فوزیہ کے بیان پر اس کے جیٹھ اکرام ،جاوید، سحر اور ساس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے  ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے بھی مارے، لیکن تمام ملزمان گھر کو تالا لگا کر فرار ہوگئے۔ تاہم پولیس نے ملزموں کے ایک رشتہ دار عارف کو حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ  مقتولہ فوزیہ کا شوہر ملازمت کے لئے بیرون ملک مقیم ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔