لاڈلے کو اوپر سے حکم لینے کی عادت ہو چکی ہے، نواز شریف

ویب ڈیسک  بدھ 25 اپريل 2018
پورے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ ’اوپر‘ سے کیا مطلب ہے، سابق وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

پورے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ ’اوپر‘ سے کیا مطلب ہے، سابق وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ لاڈلے کو اوپر سے حکم لینے کی عادت بن چکی ہے جب کہ پورے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ ’اوپر‘ سے کیا مطلب ہے۔

احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام نے کل تیسری بار عمران خان کو مسترد کیا، عمران خان وکٹ گرانے کا بہانہ کر کے لاہور سے بھاگ آئے، عوام نے عمران خان کو 2013 میں بھی مسترد کیا تھا، تاہم آئندہ انتخابات کے نتائج بھی اسی طرح کے ہوں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا نے صاف گوئی یا بھول میں کہہ دیا تھا کہ اوپر سے حکم آیا ہے، اوپر کا مطلب کبھی بھی بنی گالہ نہیں تھا، پورے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ اوپر سے کیا مطلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڈلے کو اوپر سے حکم لینے کی عادت بن چکی ہے، اس طرح کی تبدیلی لائے ہیں کہ اوپر کے حکم سے تیر پر مہر لگا دی، عمران خان پاکستان کی سیاست کو بدنام کر رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو یہ بھی تو بتائیں کہ یہ وکٹیں کون گروا رہا ہے، نوجوان نسل جو عمران خان کا ساتھ دیتی تھی وہ ان سے مایوس ہو چکی ہے، نوجوان نسل جان چکی ہے کہ عمران خان کون سی تبدیلی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔