علی ظفر اور میشا شفیع میں وجہ تنازع بننے والی ویڈیو منظر عام پر آگئی

ویب ڈیسک  بدھ 25 اپريل 2018
ریکارڈنگ کے دوران تمام لوگ کمرے میں موجود رہے، فوٹو:فائل

ریکارڈنگ کے دوران تمام لوگ کمرے میں موجود رہے، فوٹو:فائل

 لاہور: گلوکار علی ظفر اور گلوکارہ میشا شفیع کے درمیان تنازع کی وجہ بننے والی ایونٹ کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

ایکسپریس نیوز نے علی ظفر اور میشا شفیع کے مابین وجہ تنازع بننے والے ایونٹ کی ویڈیو حاصل کرلی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علی ظفر اور میشا شفیع ساونڈ روم میں گانے کی ریکارڈنگ میں مصروف ہیں جبکہ دیگر افراد بھی اس کمرے میں موجود ہیں۔

مختصر ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علی ظفر اور میشا شفیع گانے کی ریکارڈنگ میں مصروف ہیں تاہم اس ویڈیو میں بظاہرعلی ظفر کی جانب سے ساتھی گلوکارہ کو ہراساں کرنے یا جنسی ہراسانی کی کوئی کوشش نظر نہیں آرہی۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر نے میشا شفیع کو 100 کروڑ کا لیگل نوٹس بھجوا دیا

واضح رہے کہ میشا شفیع نے اسی گانے کی ریکارڈنگ کے دوران علی ظفر کی جانب سے انہیں جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا جب کہ علی ظفر نے الزامات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے میشا شفیع کوایک ارب روپے کا لیگل نوٹس جاری کیا تھا۔

قانونی نوٹس ملنے کے بعد میشا شفیع نے اپنے قانونی مشیروں کا تقرر کرتے ہوئے عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا، میشا شفیع کے قانونی مشیر بیرسٹر محمد احمد پنسوتہ نے قانونی نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ میشا شفیع نے 19 اپریل کو سوشل میڈیا پرٹوئٹ کرکے میرے موکل پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا بے بنیاد الزام لگایا گیا، یہ ٹوئٹ ایک سازش کے تحت کی گئی جس کا میشا شفیع کو ہی پتا ہوگا، میشا شفیع کا یہ اقدام ہتک عزت کی زد میں آتا ہے اس لیے میشا شفیع اپنے ٹوئٹ پر معافی مانگیں اور ٹوئٹ ڈیلیٹ کریں، اگر میشا نے معافی نہ مانگی تو ہتک عزت آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔