مغرور بھارت پھر آئی سی سی کو آنکھیں دکھانے لگا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 26 اپريل 2018
اپنے ملک کے بچوں پرآئرلینڈ یا پاکستان والوں کوترجیح نہیں دے سکتے،امیتابھ۔فوٹو : فائل

اپنے ملک کے بچوں پرآئرلینڈ یا پاکستان والوں کوترجیح نہیں دے سکتے،امیتابھ۔فوٹو : فائل

کولکتہ: دولت کے نشے میں چور بھارتی بورڈ کی جانب سے آئی سی سی کو آنکھیں دکھانے کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ برس آکلینڈ میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگز کے دوران ایک تجویز یہ بھی سامنے آئی تھی کہ 2021 میں بھارت میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی جگہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا انعقاد کیا جائے، یہی تجویز ایک بار پھر کولکتہ میں ہونیوالی آئی سی سی میٹنگز میں بھی پیش ہونے والی ہے مگر اس سے قبل ہی بھارت نے شورشرابہ شروع کردیا۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہا کہ اس سے ہمیں30 ملین ڈالرز کا نقصان ہوگا، ہمارے لیے یہ تجویز ناقابل قبول ہے، انھوں نے ایک بار پھر آئی سی سی کے چیئرمین منوہر کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جب بھی ہمارے حوالے سے کوئی اہم بریفنگ وغیرہ ہو تو وہ غائب ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ آئی سی سی پہلے ہی 2020 کے ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی میزبانی آسٹریلیا جبکہ چیمپئنز ٹرافی 2021 اور ورلڈ کپ 2023 کی میزبانی بھارت کو دے چکا ہے۔

امیتابھ نے کہاکہ آئی سی سی بھارتی مفادات کو نظر انداز کرتا مگر دولت کو حاصل کرنا چاہتا ہے، ہم کیسے اپنے ملک کے کسی دوردراز علاقے میں کرکٹ کھیلنے والے بچے کی زندگی کو کمتر کرتے ہوئے آئرلینڈ یا پاکستان میں کسی کرکٹ کھیلنے والے کی زندگی سنوار سکتے ہیں، ویسے بھی چیمپئنز ٹرافی ہمارے نزدیک اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ آنجہانی جگموہن ڈالمیا کی متعارف کردہ اور ون ڈے کرکٹ کو مستحکم کرنے کے لیے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔