ورلڈ کپ 2019؛ سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے مختص

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 26 اپريل 2018
صرف7فلڈ لائٹس میچز، پاکستانی ٹیم کے تمام مقابلے دن کی روشنی میں ہوں گے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

صرف7فلڈ لائٹس میچز، پاکستانی ٹیم کے تمام مقابلے دن کی روشنی میں ہوں گے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کولکتہ: ورلڈکپ 2019 کے سیمی فائنلز اور فائنل کو موسم کی مداخلت سے بچانے کی تدبیر کرتے ہوئے اضافی دن بھی مختص کر دیے گئے ہیں۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کے اجلاس میں منظور کیے جانے والے ورلڈکپ 2019 کے شیڈول کی ابتدائی معلومات منگل کو سامنے آگئی تھیں، باقاعدہ اعلان جمعرات کوبورڈ میٹنگ میں رسمی منظوری کے بعد کیا جائیگا، ساتھ ہی ٹکٹوں کے نرخ اور خریداری کا طریقہ کار بھی بتا دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، موسم کی مداخلت کی وجہ سے اگر میچ مکمل نہیں ہوتا تو اضافی دن بھی مختص ہوگا، پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں9جولائی کو پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ون اور 4 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا،اگر کسی وجہ سے نتیجہ سامنے نہیں آتا تو اگلے دن فیصلہ ہوگا۔

دوسرا سیمی فائنل 11جولائی کو ایجبسٹن میں نمبر2اور 3ٹیم کے درمیان ہوگا، فائنل لارڈز میں 14جولائی کو شیڈول ہے، یوں دوسرے سیمی فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے بھی وقفہ رکھا گیا ہے۔

میگا ایونٹ کے مقابلے انگلینڈ اور ویلز کے11 وینیوز لارڈز، اوول، ٹرینٹ برج، ہیڈنگلے، اولڈ ٹریفورڈ، ایجبسٹن، ٹاونٹن، برسٹل، چیسٹر لی اسٹریٹ، سائوتھمپٹن اور کارڈف میں شیڈول کیے گئے ہیں، 30 مئی کو اوول میں افتتاحی میچ میں انگلش ٹیم کو جنوبی افریقہ کا چیلنج درپیش ہوگا۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر7 میچز مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جائینگے، پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور سری لنکا تمام میچز دن کی روشنی میں کھیلیں گے، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اپنی مہم کا آغاز کوالیفائر ٹیم افغانستان کیخلاف 2جون کو ڈے اینڈ نائٹ میچ سے ہی کریگا، دونوں ٹیموں کو مجموعی طور پر مصنوعی روشنیوں میں 3،3 میچز کھیلنا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔