منصور احمد علاج ومعالجے کی سہولیات سے مطمئن

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 26 اپريل 2018
ڈاکٹرز بھرپور توجہ دے رہے ہیں، قوم کی دعائوں پر شکر گزار ہوں ،گول کیپر۔ فوٹو : ایکسپریس

ڈاکٹرز بھرپور توجہ دے رہے ہیں، قوم کی دعائوں پر شکر گزار ہوں ،گول کیپر۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  دنیائے ہاکی میں بہترین گول کیپر تصور کیے جانے والے سابق قومی کپتان اولمپئن منصور احمد نے کہا ہے کہ وہ پوری قوم کے شکر گزار ہیں جو ان کی صحت کے لیے دعا کر رہی ہے، میں علاج معالجے کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات پر بہت مطمئن ہوں۔

کراچی کے این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج قلب کی بیماری میں مبتلا اولمپئن منصور احمد نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علاج پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے جبکہ وہ ڈاکٹروں کے مشوروں پر بھی پوری طرح کار بند ہیں، ان کی بیماری میں ہر طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے خصوصی دلچسپی لی۔

ممتاز کرکٹر شاہد خان آفریدی نے اپنی فائونڈیشن کے تحت میرے مکمل علاج کی یقین دہانی کرائی اور ضرورت پڑنے پر بیرون ملک بھی بھیجنے کا اعلان کیا جس سے مجھے بہت مسرت ہوئی، نہایت کمزوری اور نقاہت کا شکار منصور احمد دل اور جگر کی بیماری میں مبتلا ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق منصور احمد کی حالت ایسی نہیں کہ کہ ان کو فضائی سفر کی اجازت دی جائے، ان کے معالج کنسلٹنٹ سرجن ڈاکٹر پرویز چوہدری نے کہاکہ منصور احمد کا قلب محض 20 فیصد کام کررہا ہے اور قلب کی پیوند کاری ناگزیر ہے۔

دریں اثنا منصور احمد کی والدہ نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔