اقوام متحدہ نے ایران جوہری معاہدے کی حمایت کر دی

خبر ایجنسیاں  جمعرات 26 اپريل 2018
اگر واشنگٹن دستبردار ہوتا ہے تو ضروری نہیں کہ ہم بھی پابند رہیں،ایران۔ فوٹو: فائل

اگر واشنگٹن دستبردار ہوتا ہے تو ضروری نہیں کہ ہم بھی پابند رہیں،ایران۔ فوٹو: فائل

اقوام متحدہ /  واشنگٹن: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایران جوہری معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ اس معاہدے پر قائم رہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرمیں پائیدار امن کانفرنس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جوہری معاہدے میں شریک تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمے داریاں ادا کریں۔ انھوں نے خطے میں قیام امن و سلامتی اور بحرانوں کو غیرفوجی طریقوں سے حل کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کردار کو اہم قرار دیا۔

دریں اثنا ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ پر ٹرمپ اور ماکروں اختلافات دور کرنے پر تیار ہیں، ٹرمپ کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل ماکروں ایرانی جوہری معاہدے سے متعلق اپنے باہمی اختلافات دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم ٹرمپ نے واضح کیا کہ جوہری معاہدے سے دستبرداری کی ان کی دھمکی اپنی جگہ موجود ہے۔ بعد میں ماکروں نے کہا کہ انھوں نے اس سلسلے میں ایک نئے معاہدے کی بات کی ہے، جس میں ایران کے حوالے سے ٹرمپ کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ جوہری معاہدہ کے اختتام پر ایران جوہری سرگرمیاں محدود رکھے ورنہ سنگین نتائج کے لیے تیار رہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی جوہری معاہدہ ختم ہونے کے بعد ایران نے اسلحہ بنانے کی کوشش کی تو اس کے نتائج سنگین ہونگے۔

ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکااس معاہدے سے دستبردار ہوا تو ضروری نہیں کہ ایران بھی اس کا پابند رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔