خواجہ آصف کو شرم کرنی چاہیے اور حیا کرنی چاہیے، شیریں مزاری

ویب ڈیسک  جمعرات 26 اپريل 2018
بالآخرکار انصاف کا بول بالا ہوا اور کوڑا کرکٹ سے نجات ملی، شیریں مزاری - فوٹو: فائل

بالآخرکار انصاف کا بول بالا ہوا اور کوڑا کرکٹ سے نجات ملی، شیریں مزاری - فوٹو: فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کو شرم کرنی چاہیے، حیا کرنی چاہیے اور قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا۔ جس کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے فیصلے کے حق میں بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق فیصلہ آنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے درخواست گزار عثمان ڈار نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ قوم اور سیالکوٹ کے عوام کے سامنے سرخرو ہوا ہوں اور عدالتی فیصلے پر عوام اور بالخصوص پی ٹی آئی کے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عدلیہ کو بھی اس زبردست فیصلے پر سلام پیش کرتا ہوں۔

عثمان ڈار نے کہا کہ یہ وہی خواجہ آصف ہیں جنہوں نے پارلیمنٹ میں میرے لیڈر عمران خان کے خلاف توہین آمیز جملے بولے، خواجہ آصف کو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ نہ ڈروں گا اور نہ ہی جھکوں گا، میں مقابلہ کروں گا اور یہ کرکے دکھایا۔ آج جو کامیابی حاصل کی ہے وہ پارٹی کے چیئرمین عمران خان کی مرہون منت ہے۔ اگر عمران خان نہیں ہوتے تو اس کیس کو منطقی انجام تک نہ پہنچا پاتا اور سیالکوٹ کے عوام کو 32 سال بعد گاڈ فادر سے نجات دلائی۔

 

تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ پہلے وزیر دفاع اور پھر وزیر خارجہ ہوتے ہوئے ایک غیر ملکی کمپنی کا مالک ہونا ہی مفادات کا تصادم تھا، خواجہ آصف کو شرم کرنی چاہیے اور حیا کرنی چاہیے اور عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماعثمان ڈار کی برسوں کی توجہ اور جدوجہد کی بدولت کیس منتقی انجام کو پہنچا، اور بالآخرکار انصاف کا بول بالا ہوا، کوڑا کرکٹ سے نجات ملی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔