فٹ بال کے جنونی نے اپنی پسندیدہ ٹیم کی شرٹ جسم پر گُدوالی

ویب ڈیسک  جمعـء 27 اپريل 2018
برازیل میں فلیمنگو کلب کے مداح ہوزے موریسیو اپنے جسم پر شرٹ کا ٹیٹو بنوانے کے بعد بہت خوش ہیں۔ فوٹو: فائل

برازیل میں فلیمنگو کلب کے مداح ہوزے موریسیو اپنے جسم پر شرٹ کا ٹیٹو بنوانے کے بعد بہت خوش ہیں۔ فوٹو: فائل

ریو ڈی جنیرو: برازیل سے فٹ بال کے ایک حیرت انگیز مداح کی ناقابلِ یقین خبر آئی ہے کہ انہوں نے اپنے پسندیدہ فٹ بال کلب کی پوری شرٹ کا اپنے جسم پر ٹیٹو بنوالیا ہے جو ہوبہو کلب کی شرٹ جیسا ہے۔

ہوزے موریسیو دوس آنجوس کی عمر 33 سال ہے اور وہ ریوڈی جنیرو میں رہتے ہیں۔ ہوزے، فلیمنگو فٹ بال کلب کے دل سے مداح ہیں اور کئی برس سے اس کی تائید کررہے ہیں۔ اب انہوں ںے فٹ بال کلب سے محبت کے اظہار میں اس کی آفیشل ٹی شرٹ پوری تفصیل کے ساتھ اپنے جسم پر ٹیٹو کی صورت میں گدوالی ہے۔

ہوزے کو اس ٹیٹو کے بنانے میں 90 گھنٹے لگے اور 32 مختلف اوقات میں انہیں ٹیٹو فنکار کے سامنے بیٹھنا اور لیٹنا پڑا۔ اس کے بعد ان کے پورے جسم پر ٹھیک سائز کی ایک ٹی شرٹ دیکھی جاسکتی ہے۔ سیاہ وسرخ پٹیوں کی اس ٹی شرٹ پر کلب کا لوگو بھی بنایا گیا ہے اور کمر پر ٹی شرٹ کا نمبر 10 بھی نمایاں ہے۔

اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ہوزے موریسیو نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی اپنے جسم پر کلب کی ٹی شرٹ بنوانا چاہتے تھے اور اب ان کی یہ خواہش پوری ہوچکی ہے۔

ہوزے نے بتایا کہ میں بچپن سے ہی فلیمنگو کا مداح رہا ہوں اور خود میرے والد بھی اس ٹیم کو بہت چاہتے تھے، میرے والد میرے لیے کلب کی ٹی شرٹ اور کھلونے لاتے رہے جس سے میرا جنون اور بڑھتا گیا اور اب میرے جسم کا 40 فیصد حصہ فلیمنگو کے رنگوں میں ڈوبا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بعد ایک بحث چل پڑی ہے۔عام افراد نے ہوزے کو بے وقوف قرار دیا ہے جبکہ فلیمنگو کے دوسرے مداح اسے محبت کا اظہار قرار دے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔