باکسر عامر خان 7 مئی کو پاکستان آئیں گے

ویب ڈیسک  جمعـء 27 اپريل 2018
 خواہش ہے کہ پاکستانی باکسرز میگا ایونٹس میں میڈلز جیتیں اور چیمپئن بنیں ؛ عامر خان فوٹو: فائل

خواہش ہے کہ پاکستانی باکسرز میگا ایونٹس میں میڈلز جیتیں اور چیمپئن بنیں ؛ عامر خان فوٹو: فائل

لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے 7 مئی کو پاکستان آنے کی خوشخبری سنادی۔

2 سال کے طویل عرصے بعد باکسنگ رنگ میں دبنگ انٹری دینے والے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں 7 مئی کو پاکستان آنے کی خوشخبری سنادی۔ ویڈیو پیغام میں عامر خان نےکہا کہ وہ  ایشین گیمز کے لئے پاکستانی باکسرز کی رہنمائی کے لئے تیار ہیں، ان کی خواہش ہے کہ پاکستانی باکسرز میگا ایونٹس میں میڈلز جیتیں اور چیمپئن بن کر دنیا میں پاکستان کانام روشن کریں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عامر خان نے کینیڈین باکسر کو محض 40 سیکنڈ میں شکست دیدی

عامر خان نے مزید کہا ’عامر خان اکیڈمی‘ اسلام آباد کے دروازے پاکستانی باکسرز کے لئے کھلے ہیں۔ وہاں پاکستانی باکسرز کے لئے تمام سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستانی باکسرز کو باکسنگ ٹپس دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ محنت کریں، بھرپور ٹریننگ کریں اورخود پر اعتماد قائم رکھیں۔ پھر کو ئی آپ کوعالمی چیمپئن بننے سے  روک نہیں سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے عامر خان نے 2 سال بعد کینیڈین باکسر فل لو گریکو کو محض 40 سیکنڈ میں شکست دے کر دنیائے باکسنگ میں ہلچل مچادی تھی۔ اس موقع پر عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ باکسنگ رنگ میں اپنی واپسی کو ثابت کرنا چاہتے تھے جس کیلئے مسلسل 2 سال سے محنت کررہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔