عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے سب سے بڑے گماشتے بنے ہوئے ہیں، رانا ثنااللہ

ویب ڈیسک  جمعـء 27 اپريل 2018

لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے سب سے بڑے گماشتے بنے ہوئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خواجہ آصف کی اہلیت سے متعلق درخواست کا فیصلہ سننے والے بنچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ کو میں ذاتی طور پر جانتا ہوں، وہ جمہوریت کے حامی ہیں، ان کے فیصلے کو متنازع بنایا جا رہا ہے، عمران خان صاحب نے پہلے کہا کہ بڑی وکٹ گرنے والی ہے اور اب یہ کہا جا رہا ہے کہ خواجہ آصف صاحب کا فیصلہ ہمیں پتا تھا۔ اس سے عدلیہ کا تشخص مجروح ہو رہا ہے۔ کل کے فیصلے کو جورنگ دیا جارہا ہے اس پر چیف جسٹس کو نوٹس لینا چاہیے، پی ٹی آئی یہ تاثر دے رہی ہے کہ عمران خان کو دو روز پہلے پتہ چل گیا تھا کہ ایک بہت بڑی وکٹ گر رہی ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس ردعمل پر پھر یہ نہ کہا جائے کہ (ن) لیگ عدلیہ مخالف بات کرتی ہے اس تاثر کو ختم کرنے کے لیے چیف جسٹس تحقیقات کروائیں، تحریک انصاف اور عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے سب سے بڑے گماشتے بنے ہوئے ہیں، تحریک انصاف کے لوگ اپنے حلقوں میں یہ بات کرتے ہیں کہ ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں، اس کا منصف پاکستان کو بھی نوٹس لینا چاہیے، پی ٹی آئی آئندہ انتخابات میں ایک ہی طرح کامیابی ہوسکتی ہے کہ (ن) لیگ کو ٹیکنیکل بنیادوں پر انتخابات سے دور رکھا جائے۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ کا بے پناہ احترام کرتی ہے، نواز شریف نے چیف جسٹس صاحب کے کسی فیصلے پر بات نہی کی بلکہ ان کے بیانات کے حوالے سے کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی رائےہے کہ پنجاب کو دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر چلنا چاہیے، اگر دیگر صوبوں نے چار ماہ کا بجٹ پیش کیا تو ہم بھی چار ماہ کا پیش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔