پانی کے تنازعے نے 2افراد کی جان لے لی، لاشیں کنویں سے برآمد

نامہ نگار  منگل 16 اپريل 2013
دونوں 2روز سےلاپتہ تھے، گرفتارشخص کی نشاندہی پرلاشیں ملیں،دائم کوکنویں میں پھینکنےکی کوشش میں ملزم کابھائی بھی جا گرا. فوٹو: فائل

دونوں 2روز سےلاپتہ تھے، گرفتارشخص کی نشاندہی پرلاشیں ملیں،دائم کوکنویں میں پھینکنےکی کوشش میں ملزم کابھائی بھی جا گرا. فوٹو: فائل

کنری:  عمرکوٹ میں 2 روز قبل لاپتہ ہونے والے 2 افراد کی لا شیں کنویں سے برآمد، واقعہ کے خلاف احتجاجاً بازار بند کروانے والوں پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی۔

تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ کے نواحی گاؤں اُکھاڑاوڑ میں 2 روز قبل مانجھی پنہور اور دائم بھیل نامی افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس مذکورہ گاؤں میں پہنچی اور لاپتہ ایک شخص کے بھائی ولی محمد پنہور کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر تھانے لے آئی۔

دوران تفتیش اس نے پولیس بتایا کہ مقتول دائم بھیل اور ان کے درمیان زرعی پانی کے سلسلے میں تنازع چل رہا تھا، جس پر پانی کے وارے کی شب میں اور اس کے بھائی مانجھی پنہور اور گُل پنہور اس کو پکڑ کر اپنے گاؤں لائے اور اسے کنویں میں پھینکنے لگے اس دوران اس کے بھائی مانجھی پنہور کا پاؤں بھی پھسل گیا اور وہ بھی کنویں میں گر گیا۔

ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے کنویں سے لاشیں برآمد کر کے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیں۔ دوسری طرف واقعہ کے خلاف احتجاجاً بازار بند کروانے والے افراد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 2 افراد امولاکھ بھیل اور ایک نامعلوم شخص زخمی ہوگئے، جن کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جب کہ واقعہ کے بعد بازار مکمل طور پر بند ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔