چیئرمین ایف بی آر کا ٹیکس وصولیوں میں کمی کا نوٹس

اے پی پی  منگل 16 اپريل 2013
ایف پی سی سی آئی کو بجٹ تجاویز کے حوالے سے اعتماد میں لینے کی یقین دہانی۔    فوٹو: فائل

ایف پی سی سی آئی کو بجٹ تجاویز کے حوالے سے اعتماد میں لینے کی یقین دہانی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین انصر جاوید نے ٹیکس وصولیوں میں کمی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی کے اہداف حاصل کرنے کیلیے حکمت عملی وضع کی جائے۔

چیئرمین ایف بی آر نے ایل ٹی یوز اور آر ٹی اوز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلیے طویل دورانیے کی میٹنگز کا آغاز کر دیا، اسی طرح انہوں نے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے سلسلے میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات بھی کی۔

چیئرمین انصر جاوید نے آر ٹی اوز اور ایل ٹی یوز کی کارکردگی اور شارٹ فال کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنے کے لیے خطوط ارسال کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ مالی سال 2012-13 کی آخری سہ ماہی کا بجٹ ہدف حاصل کرنے کیلیے ایک حکمت عملی کے تحت کوششیں تیز کی جائیں۔

علاوہ ازیں چیئرمین ایف بی آر نے نائب صدر سارک چیمبرافتخار علی ملک کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں نومنتخب صدرایف پی سی سی آئی زبیراحمد ملک، نائب صدور اور لاہور چیمبر کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے انھیں بجٹ تجاویز پر اعتماد میں لینے کایقین دلایا اور کہا کہ ایف بی آر اور وزارت خزانہ چیمبر آف کامرس کی تجاویز کو مطلوبہ توجہ دے گی اور ایف پی سی سی آئی ودیگر چیمبرز کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ایف بی آر کو سالانہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں 30 فیصد کمی کاسامنا ہے تاہم گڈگورننس اور پروفیشنل صلاحیت کی بنا پر ہدف جون تک حاصل کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔