آنے والی حکومت بجٹ میں ایک بھی لفظ تبدیل نہیں کرسکے گی وزیراعظم

ملکی ترقی کے دعوے کرنے والے اپنے دور کا کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک April 28, 2018
ملکی ترقی کے دعوے کرنے والے اپنے دور کا کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں، وزیراعظم ۔ فوٹو : فائل

وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آنے والی حکومت بجٹ میں ایک لفظ تبدیل نہیں کرسکے گی۔


ٹنڈوجام گیس پروسیسنگ فیسیلٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ماضی میں گیس کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ نہیں دی گئی، قومی منصوبے نہ بننے سے سیکڑوں ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، لیکن مسلم لیگ (ن) نے ان منصوبوں اور شعبوں پر بھی توجہ دی جن پر گزشتہ 65 سال میں کام نہیں ہوا تھا التوامیں پڑے منصوبوں پراہم فیصلے کیے، پہلے زیرتکمیل منصوبوں کو مکمل کیا اور نئے منصوبے شروع کیے، منصوبوں کی تکمیل نوازشریف اور (ن) لیگ کے وژن کی عکاس ہے، آج ایک اور اہم قومی منصوبے کی تکمیل اور افتتاح پر خوشی ہے، او جی ڈی سی نے ثابت کیا کہ اپنا کام مقررہ وقت میں مکمل کرسکتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت مسلم لیگ (ن) کے کام کرنے کا طریقہ ہے، سب کو علم ہے جب اقتدار ملا توامن وامان، گیس اور بجلی کی کیا صورتحال تھی، عوام نے حکومت کا آخری دن تک کام کرنے کا مینڈیٹ دیا اور ہم نے بھی انتخابات 2013 سے قبل جو جو وعدے کیے تھے انہیں پورا کیا جا رہا ہے، گیس کی فراہمی بہتر بنائی اور پلانٹس کی حالت کو بہتر کیا، آج دگنی گیس سسٹم میں شامل ہورہی ہے، جس جگہ موجود ہوں یہاں کی سڑک بھی (ن) لیگ نے بنائی، ملک میں امن وا مان کی ابتر صورتحال کو بہتر کیا ہمیشہ ملکی مسائل حل کرنے کی بات کی اور ثابت کیا کہ ہم اپنے نہیں قوم کے کام کرتے ہیں 65 سال میں وہ کام نہیں ہوئے جو ہماری حکومت نے 5 سال میں کیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے دعوے کرنے والے اپنے دور کا کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں، مسلم لیگ (ن) کا پیپلزپارٹی اور مشرف دور سے موازنہ کیا تو جائے توکارکردگی میں کئی گنا واضح فرق نظر آئے گا، کام گالیاں دینے ،باتوں اور جھوٹے وعدوں سے نہیں ہوتا بلکہ عملی کام سے ہوتا ہے، ہمارے کاموں پر تنقید کرنے والوں کو چیلنج دیتا ہوں کہ آئیں اور ہم سے گیس، بجلی،سڑکوں سمیت کسی بھی شعبہ میں مناظرہ کرلیں، فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ وہ خدمت کی سیاست چاہتے ہیں یا 2013 سے پہلے والی اندھیرے کی سیاست چاہتے ہیں ہم نے عوام کو کام کرکے دکھادیا ہے جولائی میں فیصلہ بھی آجائے گا۔

بجٹ کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں بجٹ پیش کرنے سے روکنے والے ملکی ترقی کے خلاف ہیں، جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے وہی بجٹ کےمخالف ہیں، جس نے ٹیکس ریفارمز پر تنقید کرنی ہے وہ پہلے بتائے کہ 5 سال میں کتنا ٹیکس دیا؟ ٹیکس ادا کرنا ایک شہری کا بنیادی فرض ہوتا ہے، حکومت ٹیکس نہ دینے والوں کا پیچھا کرے گی، بجٹ بڑی محنت سے بنا ہے جو حقیقی عوام دوست بجٹ ہے جس میں سب سے زیادہ ریلیف عوام کودیا گیا، ماضی میں عوام سے جووعدے کئے جاتے رہے ہیں وہ کام مسلم لیگ (ن) حکومت نے اس بجٹ میں کردکھایا ہے، آنے والی حکومت اس بجٹ میں تبدیل کرسکتی ہے مگر وہ تبدیل نہیں کرپائے گی

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں