پولنگ اسٹیشنوں پر پرائیویٹ گارڈز تعینات کرنے پر غور

ساجد رؤف  منگل 16 اپريل 2013
 تمام شعبوں میں متعین اور اہم شخصیات کے تحفظ پر مامور نفری طلب کی جائیگی. فوٹو: فائل

تمام شعبوں میں متعین اور اہم شخصیات کے تحفظ پر مامور نفری طلب کی جائیگی. فوٹو: فائل

کراچی: کراچی پولیس نے پولنگ کے روز فل پروف سیکیورٹی کے لیے پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے غور شروع کردیا۔

اس سلسلے میں پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا اجلاس جلد سی پی او میں طلب کیا جائے گا، پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی پولیس کی مجموعی نفری 30 سے 32 ہزار کے درمیان ہے جو انتہائی کم ہے انھوں نے بتایا کہ پہلے ہی کراچی پولیس کو تھانوں کی سطح پر نفری کی شدید کمی کا سامنا ہے جبکہ اچھی خاصی تعداد میں پولیس نفری اہم تنصیبات ، تجارتی مراکز ، شاہراہوں ، پولیس افسران کی سیکیورٹی،اہم شخصیات، صنعت کاروں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔

موجودہ نفری کے ساتھ پولنگ کے دن فل پروف سیکیورٹی کی فراہمی مشکل ہوگی،عام انتخابات کے روز اگر 2 سے 4 پولیس اہلکار بھی ایک پولنگ اسٹیشن پرتعینات کیے گیے تو تمام پولنگ اسٹیشنوں پر نفری کو تعینات کرنا ناممکن ہوگا،پولنگ کے دن پولیس تمام شعبوں ، سی آئی ڈی ، ایس آئی یو ، اے وی سی سی اور اے سی ایل سی ، ایس ایس یو اور ایس آر پی سی سے بھی نفری طلب کی جائے گی اور جن اہم شخصیات کو اضافی سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

ان کی سیکیورٹی بھی ایک دو روز کیلیے کم کی جائے گی، پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں گارڈز کی فراہمی،پولنگ اسٹیشن پر تعیناتی کے طریقہ کار،ڈیوٹی کی اوقات ، اسلحہ اور گاڑیوں کی تفصیل سمیت سیکیورٹی گارڈز کے لیے درکار بجٹ پرغور کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔