آئی پی ایل : اظہر محمود نے سنیل کی ہیٹ ٹرک کو دھندلا دیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 17 اپريل 2013
وکٹ لینے پر کنگز الیون پنجاب کے اظہر محمود کا فاتحانہ انداز،انھوں نے کولکتہ کے 3 پلیئرز کو آؤٹ کیا ۔ فوٹو : اے ایف پی

وکٹ لینے پر کنگز الیون پنجاب کے اظہر محمود کا فاتحانہ انداز،انھوں نے کولکتہ کے 3 پلیئرز کو آؤٹ کیا ۔ فوٹو : اے ایف پی

موہالی:  آئی پی ایل میں اظہر محمود نے سنیل نارائن کی ہیٹ ٹرک کو دھندلا دیا، ان کی عمدہ بولنگ نے کنگز الیون پنجاب کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز پر 4 رنز سے فتح دلادی۔

دوسرے میچ میں ٹائی کے بعد سپر اوور پر رائل چیلنجرز بنگلور نے دہلی ڈیرڈیولز کو پچھاڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق کے کے آر کی ٹیم 158 رنزکا پیچھا کرتے ہوئے9 وکٹ پر 153 رنز بنا پائی، کپتان گوتم گمبھیر نے 60اورایون مورگن نے 47 رنز بنائے تاہم اظہر محمود نے مورگن کے ساتھ کیلس اور دیباراتے داس کو آؤٹ کرکے کولکتہ کے کامیابی کی جانب بڑھتے قدم سست کردیے، آخری اوور میں فتح کیلیے اسے11 رنز درکار تھے مگر پراوین کمار نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا، سنیل نارائن آخری گیند پر فتح کیلیے درکار چھکا نہیں جڑ پائے۔

اس سے قبل کنگز الیون پنجاب نے 9 وکٹ پر 157 رنز بنائے، منپریت سنگھ گونی 42 اور مندیپ سنگھ 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سنیل نارائن نے رواں سیزن کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی، جیک کیلس نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دریں اثنا بنگلور میں کھیلے گئے دن کے دوسرے میچ میں 153رنز کے تعاقب میں جانے والی بنگلور کی ٹیم دہلی کا اسکور ہی برابر کرپائی،آخری گیند پر دو رنز درکار تھے مگر روی رامپال بائی پر صرف ایک رن لے پائے، جس سے میچ ٹائی ہو کر سپر اوور میں چلا گیا، جس میں بنگلور نے ڈی ویلیئرز کے 2 چھکوں کی وجہ سے دہلی کو 16 رنز کا ہدف دیا، روی رامپال نے وننگ رن نہ بنا پانے کی تلافی بولنگ میں کرتے ہوئے حریف سائیڈ کی دو وکٹیں اڑا کر اسے 11 رنز پر محدود رکھا۔ اس سے قبل دہلی ڈیرڈیولز نے 5 وکٹ پر 152 رنز بنائے، جادھیو نے ناٹ آؤٹ 29 اور مہیلا جے وردنے نے 28 رنز اسکور کیے، جیدیو اناڈکٹ نے دو وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔