ڈومیسٹک کرکٹ :حفیظ نے سپورٹنگ پچز تیار کرنے کا مطالبہ کر دیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 17 اپريل 2013
 فوٹو: اے ایف پی/فائل

فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی:  قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں سپورٹنگ پچز تیار کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ان کے مطابق بیرون ملک بہتر نتائج کیلیے ایسا کرنا ضروری ہے، ان کے مطابق کپتان مصباح الحق بیٹنگ کیساتھ بہترین قائدانہ صلاحیتوں سے بھی مالا مال ہیں، ان سے اختلافات کی خبریں سن کر ہنسی آتی ہے، پریذیڈنٹ کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں مین آف دی میچ کاا عزاز حاصل کرنے والے آل راؤنڈرمحمد حفیظ نے نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے ذمہ داروں کو سپورٹنگ پچز تیارکرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی ناکامی کی وجہ یہ بھی تھی کہ ہمارے بیٹسمین باؤنسی اور سیمنگ وکٹوں پر کھیلنے کے مواقع سے محروم رہے تھے، موجودہ حالات میں جب بیشتر کرکٹ بیرون ملک ہو رہی ہے وہاں جیسی وکٹیں پاکستان میں بھی بنائی جائیں،انھوں نے کہا کہ رواں ایونٹ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلیے بہتر موقع تھا،ٹرافی کو مد نظر رکھ کر وکٹیں بنائی جاتیں تو زیادہ بہتر رہتا،البتہ یہ درست ہے کہ دیگر ممالک کی بانسبت پاکستان میں موسمی کنڈیشنز مختلف ہیں، محمد حفیظ نے ایک مرتبہ پھر قومی کپتان سے اپنے اختلافات کی پُرزور تردید کرتے ہوئے کہا ایسی باتوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

مصباح سے میرے دوستانہ تعلقات ہیں جبکہ میں ان کی عمدہ صلاحیتوں کا معترف ہوں، وہ مشکل حالات میں پُرسکون انداز میں عمدہ بیٹنگ سے اپنی اہلیت ثابت کر دیتے ہیں، مصباح بہترین قائدانہ صلاحیتوں سے بھی مالا مال ہیں، وہ مخلص ، محنتی اور پُر انہماک کپتان کی حیثیت سے کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے ہیں،کسی بھی کھلاڑی کو ان سے کوئی شکایت نہیں کیونکہ ہر قسم کے حالات میں وہ سب کیساتھ مناسب اور یکساں رویہ اختیار کرتے ہیں۔

سیمی فائنل میںایچ بی ایل کے خلاف سوئی نادرن گیس کی جانب سے62رنز کی اننگز داغنے والے حفیظ نے حریف سپر اسٹارز کے فلاپ ہونے پر کہا کہ میچ جلدی شروع ہونے سے وکٹ پر کوئی فرق نہیں پڑا، البتہ ہمارے فاسٹ بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔