ڈومیسٹک ویمنز ون ڈے کرکٹ ندا ڈبل سنچری داغنے والی پہلی کرکٹر بن گئیں

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 17 اپريل 2013
زرعی ترقیاتی بینک کی بیٹسویمن نے فیصل آباد کیخلاف31 چوکوں کی مدد سے204 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی. فائل فوٹو

زرعی ترقیاتی بینک کی بیٹسویمن نے فیصل آباد کیخلاف31 چوکوں کی مدد سے204 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی. فائل فوٹو

لاہور:  ندا ڈار ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈبل سنچری داغنے والی پہلی ویمن کرکٹر بن گئیں۔

زرعی ترقیاتی بینک کی بیٹسویمن نے فیصل آباد ریجن کیخلاف میچ میں صرف 135 گیندوں پر 31 چوکوں کی مدد سے204 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، فاتح ٹیم نے5 وکٹ پر391 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، 79 رنز پر ڈھیر ہونے والی ناکام ٹیم 312 کے بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرتے ہوئے میدان سے باہر گئی، سعدیہ یوسف4 اور ثنا میر3 شکار کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

دوسرے میچ میں لاہور ریجن نے مرینہ اقبال کی نصف سنچری سے تقویت پاتے ہوئے راولپنڈی ریجن کو127 رنز سے زیر کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں ندا ڈار نے یاد گار اننگز کھیلتے ہوئے فیصل آباد ریجن کی بولرز کے صبر کا خوب امتحان لیا، باغ جناح گراؤنڈ لاہورمیں انھوں نے204 رنز کی اننگز کھیل کر ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والی پہلی خاتون کرکٹر کا اعزاز حاصل کیا، ریکارڈ ساز پرفارمنس کے دوران انھوں نے135 گیندیں صرف کیں اور31 چوکے لگائے، مریم حسن نے 59 اور بتول فاطمہ نے ناقابل شکست 53 رنز کا حصہ ڈال کر ٹیم کا ٹوٹل5 وکٹ پر391 تک پہنچایا، ارم شہزادی نے 35 جبکہ سعدیہ اقبال نے 63 رنز کے عوض ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے فیصل آباد کی ٹیم 37.2 اوورز میں 79 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مریم اکبر16اور رابعہ شاہد15 کے سوا کوئی پلیئر دہرے ہندسوں تک نہ پہنچ پائی، سعدیہ یوسف نے26 رنز کے عوض 4 جبکہ ثنا میر نے 19رنز کے بدلے میں3 وکٹیں لے کر حریف ٹیم کی صفوں میں تباہی پھیلائی، ندا ڈار کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اتفاق کرکٹ گراؤنڈ میں لاہور ریجن نے 9 وکٹ پر226 رنز بنائے، مرینہ اقبال 50، سدرا نواز اور بختاور اقبال 33 کے یکساں اسکور کے ساتھ نمایاں رہیں، صباحت رشید نے ناقابل شکست 21 بنائے۔

فائزہ خالد45 رنز دیکر3 ، عاتکہ صابر47رنز کے عوض 2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ راولپنڈی ریجن کی کوشش 127 تک محدود رہی، نورین خلیل44 اور بدر النساء30 رنز اسکور کرنے کے باوجود فتح کا راستہ نہ بنا سکیں ، صباحت رشید نے31 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، الزبتھ35 اور بختاور اقبال22 رنز کے عوض2,2 وکٹیں لے اڑیں، میچ کی بہترین کرکٹر کا اعزاز آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے والی بختاور اقبال کو ملا۔ دریں اثنا ڈومیسٹک کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے والی ندا ڈار نے کہا کہ ہوم گراؤنڈز ہوں یا انٹرنیشنل میچ ہمیشہ100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتی ہوں۔

کوچ اور کپتان کی طرف سے ملنے والی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی بدولت ریکارڈ ساز کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئی۔کپتان ثنا میر نے کہا کہ ندا ڈار کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ون ڈاؤن پوزیشن پر بھیجنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، ڈومیسٹک مقابلوں میں قومی کرکٹرز کی فارم اور فٹنس بہتر ہوئی، ندا ڈار کی کارکردگی میں تسلسل آگے چل کر انٹرنیشنل مقابلوں میں بھی پاکستان ٹیم کے کام آئے گا، ڈبل سنچری کا ریکارڈ زیڈ ٹی بی ایل ٹیم کیلیے بھی ایک اعزاز ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔