پی پی کے خاتمے کاسوچنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،بلاول

اسٹاف رپورٹر  بدھ 17 اپريل 2013
دوبارہ اقتدارملاتوبینظیرہائوسنگ اسکیم شروع کریں گے،پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے گفتگو   فوٹو: فائل

دوبارہ اقتدارملاتوبینظیرہائوسنگ اسکیم شروع کریں گے،پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے گفتگو فوٹو: فائل

کراچی:  پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ جولوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی کاسیاسی سفرغروب ہوگیاوہ احمقوں کی جنت میں ہیں اورخوابوںکی دنیاکی سیرکررہے ہیں۔

، آئندہ انتخابات میں بھرپورحصہ لے کرحیران کن نتائج دیں گے،اگردوبارہ اقتدارمیں آئے توبینظیربھٹو ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ہرضلع میں غریبوں کیلیے2ہزارمکانات تعمیرکرکے مفت فراہم کیے جائیں گے،20اپریل سے خودپورے ملک میں بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کروںگا۔کراچی میں میڈیا سیل سے وڈیولنک پر پارٹی کے مرکزی رہنماؤں مخدوم امین فہیم ،راجاپرویزاشرف یوسف رضاگیلانی، اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے انتخابی مہم کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوامی اورجمہوری جماعت ہے،پیپلزپارٹی نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک کی تاریخ میں پہلی باراپنی 5سالہ مدت کوپوراکیا،تاریخ گواہ رہے گی کہ پیپلزپارٹی نے اپنی حکومتی مدت کے دوران کسی کوبھی سیاسی انتقام کانشانہ نہیں بنایااورہمارے دورمیں کسی کوسیاسی قیدی بھی نہیں بنایاگیا، ہماری حکومت نے ملک میں جمہوریت کی بنیادکومضبوط کیااورپارلیمنٹ کوتمام اختیارات تفویض کیے گئے۔

آئندہ انتخابات میں کون سی جماعت منتخب ہوتی ہے اس کافیصلہ عوام کوکرنا ہے،انتخابات قریب ہیں، پیپلزپارٹی ملک کی بڑی جماعت ہونے کے ناطے ان انتخابات میں بھرپورطریقے سے حصہ لے رہی ہے اور جمہوری انداز میں اپنے سیاسی مخالفین کامقابلہ کرے گی،اگر دوبارہ برسراقتدارآئے تو ہماری پہلی ترجیحات ملک میں قیام امن،دہشتگردی کاخاتمہ اورمعیشت کااستحکام ہوگا،آئندہ انتخابات میں عوام پیپلزپارٹی کوبھرپور طریقے سے کامیاب کرائیں گے۔انھوں نے کہاکہ بلوچ ہمارے بھائی ہیں اوربلوچستان کی ترقی بھی پیپلزپارٹی کے منشورمیں شامل ہے۔

انھوں نے پارٹی رہنماؤں، امیدواروں اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ بھرپوراندازمیں انتخابی مہم چلائیں،20اپریل کے بعدوہ خودپورے ملک میں بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔بلاول بھٹوزرداری نے ہدایت کی کہ پارٹی رہنمااورکارکنان گھر گھرجاکرعوام سے رابطہ کریں اوران کوپیپلزپارٹی کے منشورسے آگاہ کریں۔انھوں نے الیکشن کمیشن اورنگراں حکومت سے مطالبہ کیاکہ تمام جماعتوں کے انتخابی امیدواروں کوبھرپورسیکیورٹی دی جائے تاکہ وہ آزادانہ ماحول میں اپنی انتخابی مہم چلاسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔