نگراں حکومتیں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرائیں، الیکشن کمیشن

اسٹاف رپورٹر  بدھ 17 اپريل 2013
امیدواروں کو الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائے، وفاق کی صوبوں کو ہدایت۔ فوٹو: فائل

امیدواروں کو الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائے، وفاق کی صوبوں کو ہدایت۔ فوٹو: فائل

کراچی: الیکشن کمیشن نے نگراں وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ عام انتخابات کیلیے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پرسختی سے عمل درآمد کرایاجائے اورجن امیدواروں یا جماعتوں نے ضابطہ اخلاق سے تجاوز کرتے ہوئے پوسٹرز، بینرز، پینا فلیکس مختلف مقامات پرلگائے ہیں  یاجن کی جانب سے دیواروں پرانتخابی وال چاکنگ کی گئی ہے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کو فوری ہٹادیاجائے اوروال چاکنگ صاف کردی جائے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک مراسلہ دوبارہ وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو بھیج دیا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کاکہنا ہے کہ جوجماعتیں یاامیدوار انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی ۔

دریں اثنا نگراں وفاقی حکومت نے چاروں صوبائی حکومتوں کوہدایات کی ہیں کہ ملک میں عام انتخابات کے پرامن انعقادکیلیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اورانتخابی امیدواروں کوالیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔