بھارت میں ہندو لڑکی کے اہل خانہ کے تشدد سے مسلمان لڑکا سیف علی جاں بحق

ہندو لڑکی کے اہل خانہ نے باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے سیف علی کو اغواء کیا اور تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیا


ویب ڈیسک May 03, 2018
بائیس سالہ سیف علی ہندو لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ فوٹو : ہندوستان ٹائمز

راجستھان میں پسندیدگی کا اظہار کرنے پر ہندو لڑکی کے گھر والوں نے مسلمان لڑکے سیف علی کو تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق راجستھان کے علاقے بیکانار میں ہندو لڑکی سے ملنے کے لیے جانے والے مسلمان لڑکے سیف علی کو اغواء کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ مشتعل اہل خانہ نے سیف علی کی ٹانگیں توڑ دیں اور اسے نیم مردہ حالت میں ایک تالاب میں پھینک کر چلے گئے۔ لڑکا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس سوائی سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ سیف علی کو ایک عینی شاہد کی نشاندہی پر شہر سے دور ایک تالاب سے نیم مردہ حالت میں برآمد کر کے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق سیف علی پر بے انتہا تشدد کیا گیا تھا اور اس کی دونوں ٹانگیں توڑ دی گئی تھیں۔ ڈاکٹرز نے سیف علی کو بچانے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہیں ہو سکا۔

پولیس کے مطابق ہندو لڑکی کے اہل خانہ نے باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے سیف علی کو بلایا اور پھر اغواء کر کے سنسان جگہ لے گئے۔ جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے ہندو لڑکی کے کزن بنٹی سمیت سات افراد کے خلاف اغواء، تشدد اور قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں