خیبرپختون خوا حکومت مشکل میں، وزیراعلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کیلیے گورنر کو خط

احتشام بشیر  جمعرات 3 مئ 2018
وزیراعلی اکثریت کھوچکے ہیں، پی ٹی آئی کے ناراض ارکان، جے یو آئی، اے این پی کا مطالبہ فوٹو:فائل

وزیراعلی اکثریت کھوچکے ہیں، پی ٹی آئی کے ناراض ارکان، جے یو آئی، اے این پی کا مطالبہ فوٹو:فائل

پشاور: پی ٹی آئی کے ناراض ارکان اسمبلی، جے یو آئی (ف) اور اے این پی نے وزیراعلی خیبرپختون خوا پرویز خٹک سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے گورنر ظفر اقبال جھگڑا کو خط لکھ دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہارس ٹریڈنگ کے الزامات کے بعد خیبر پختنخوا حکومت کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ ایوان میں پی ٹی آئی کی اکثریت ختم ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے 13 ناراض ارکان، اے این پی اور جے یو آئی نے گورنر کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گورنر  آئین کے آرٹیکل 130 سات کے تحت وزیراعلی سے اعتماد کا ووٹ لیں۔

سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے الزام میں شوکاز نوٹس وصول کرنے والے پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں یاسین خلیل، امجد آفریدی، قربان علی، وجیہہ الزمان، عبدالحق، جاوید نسیم، عبید اللہ مایار، نسیم حیات اور پیپلزپارٹی کے ضیاء اللہ آفریدی نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد پی ٹی آئی، جے یو آئی، اے این پی کے ناراض ارکان نے وزیراعلی خیبرپختون خوا پرویزخٹک سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے گورنر ظفر اقبال جھگڑا کو خط لکھ دیا ہے۔ اجلاس میں آج خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کی بھی مذمت کی گئی۔ رکن اسمبلی قربان علی نے کہا کہ ہم پر الزام لگانے کا جواب دینے سے بچنے کے لیے وزیر اعلی بھاگے، عمران خان کو بہت بڑی کھائی میں گرتا دیکھ رہا ہوں۔

پی پی پی کے ضیاء اللہ آفریدی نے کہا کہ حکومت کو بھاگنے نہیں دیں گے، پی ٹی آئی کی حکومت اکثریت کھو چکی ہے اس لیے عدم اعتماد سے بچنے کے لیے اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔ جے یوآئی کے مفتی جانان کی جانب سے گورنر کو لکھے گئے خط میں موقف اختیارکیا گیا کہ وزیراعلی اکثریت کھوچکے ہیں، جس کے باعث ان سے اعتماد کا ووٹ لیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔