بھارت میں خاتون پر مردوں کا وحشیانہ تشدد، لوہے کی سلاخیں مارمار کرلہولہان کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 17 اپريل 2013
صرف 20ہزار روپے قرض کی بروقت ادائیگی نہ کرنے خاتوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، فوٹو:ایکسپریس نیوز

صرف 20ہزار روپے قرض کی بروقت ادائیگی نہ کرنے خاتوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، فوٹو:ایکسپریس نیوز

نئی دہلی: بھارت میں جہاں خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی روز کا معمول ہے وہیں بنت حوا پر تشدد کی بھی مثالیں آئے روز سامنے آرہی ہیں، اسی طرح کا ایک واقعہ بھارتی پنجاب میں بھی پیش آیا جہاں 4 افراد نے قرض کی ادائیگی نہ کرنے پر خاتون کو مار مار کر بے سدھ کرکے اپنے بھارتی مرد ہونے کا بھرپور ثبوت دیا۔

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں چار افرادنے خاتون کو لوہے کی سلاخوں سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور وہاں موجود لوگ انتہائی بے حسی کے ساتھ ان افراد کی جانب سے خاتون پر ہونے والے تشدد کو ایک تماشا سمجھ کردیکھتے رہے،تشدد کا شکار خاتون اپنی مدد کےلئے وہاں موجود لوگوں کو پکارتی رہی لیکن بھارتی کے ان غیرت مند سپوتوں کو اتنی جرات نہ ہوئی کہ وہ ملزمان کا ہاتھ روک سکیں، اگر کسی کا لہو گرمایا بھی تو ایک بوڑھے شخص کا، جس نے ان افراد کو روکنے کے لئے ناتواں کوششیں کیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکا۔

تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کا قصور یہ تھا کہ اس نے 20 ہزار روپے قرض لیا تھا لیکن وہ وقت پر اسے ادا نہ کرپائی، نتیجے میں اسے نا صرف مارا گیا بلکہ بڑی دیدہ دلیری سے اس واقعے کی وڈیو بھی بنائی تاکہ نا صرف دوسروں کے لئے یہ واقعہ نشان عبرت بن جائے بلکہ وہ اپنی نام نہاد مردانہ شان کو بھی دوسروں کے سامنے عیاں کرسکیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 3 اپریل کو پیش آیا تھا اور اس کی وڈیو اب منظر عام پر آئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کو دنیا کی سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے پر بڑا ناز ہے لیکن وہاں  یومیہ 250 خواتین اور بچیاں جنسی تشدد کا نشانہ بن جاتی ہیں اور دارالحکومت نئی دہلی کو تو ’’ریپ سٹی‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ گزشتہ برس نئی دہلی میں ایک طالبہ کو چلتی بس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر سڑک پر برہنہ حالت میں پھینک دیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا تاہم طالبہ سنگاپور میں دوران علاج چل بسی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔