اُلجھن کیسی

میسی نے سات سال قبل اس حوالے سے قانونی تقاضے پورے کرنے کی درخواست متعلقہ ادارے کو دی تھی۔


May 05, 2018
یورپی یونین کی عدالت نے کہاکہ فٹبال کھلاڑی کی شہرت ان ناموں کی بصری اور صوتی مماثلت کو ختم کرسکتی ہے۔فوٹو : فائل

''نہیں، کوئی الجھن نہیں ہوسکتی۔ میسی اتنے مشہور ہیں کہ لوگ سائیکل برانڈ اور میسی کے نام کا فرق سمجھ سکتے ہیں۔''

ارجنٹینا کے اس فٹ بالر کا اصل نام لائنل آندرے میسی ہے۔ تاہم انہیں دنیا بھر میں میسی کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ یورپی عدالت نے اسی مشہور فٹ بالر کے حق میں فیصلہ دیا ہے کہ وہ کھیلوں کی مختلف مصنوعات پر اپنا نام بطور برانڈ استعمال کرسکتے ہیں۔

میسی نے سات سال قبل اس حوالے سے قانونی تقاضے پورے کرنے کی درخواست متعلقہ ادارے کو دی تھی۔ امید تھی کہ مقررہ وقت میں کارروائی مکمل ہو گی اور وہ اپنا نام ''Messi'' تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرسکیں گے، مگر ہسپانوی سائیکلنگ برانڈ 'ماسی' (MASSI) نے اس درخواست کو چیلنج کردیا۔ کمپنی نے اعتراض کیاکہ دونوں ناموں میں کافی مماثلت ہے جس سے لوگوں کو الجھن ہو سکتی ہے۔

2011 میں یورپی یونین آفس فار انٹلکچول پراپرٹی میں میسی (Messi) نے جو درخواست جمع کروائی تھی اسے سائیکلنگ برانڈنے چیلنج کیا تو متعلقہ ادارے نے فیصلہ دیا کہ 'میسی' اور 'ماسی' دیکھنے اور بولنے میں تقریباً ایک جیسے ہی لگتے ہیں اور صارفین کے لیے ان میں فرق کرنا مشکل ہو گا۔ میسی نے اس فیصلے کو قبول نہ کیا اور بات عدالت تک چلی گئی۔ تاہم سات سال مقدمہ چلا اور اس کا فیصلہ میسی کے حق میں آیا۔

یورپی یونین کی عدالت نے کہاکہ فٹبال کھلاڑی کی شہرت ان ناموں کی بصری اور صوتی مماثلت کو ختم کرسکتی ہے۔ 'مسٹر میسی ایک جانی مانی شخصیت ہیں اور وہ اتنے مشہور ہیں کہ لوگ ان کے نام اور سائیکل برانڈ میں آسانی سے فرق کرسکیں گے۔ امریکا اور دیگر مغربی ملکوں میں ذاتی نام کو تجارتی مقاصد کے لیے رجسٹرڈ کروانے کا قانون موجود ہے۔ تاہم مماثلت کی بنیاد پر اگر کوئی کمپنی یا فرد چاہے تو متعلقہ ادارے میں اعتراض داخل کروا سکتا ہے۔ تاہم میسی کی طرح بعض کیسز میں عدالت سے بھی رجوع کرنا پڑتا ہے۔

قارئین، یہ مشہور اور مال دار کھلاڑی ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا۔ میسی کی ماں لوگوں کے گھروں میں کام کرتی تھی جب کہ باپ ایک فیکٹری میں ملازم تھا۔ میسی نے کم عمری میں فٹ بال کھیلنا شروع کردی اور 1995ء میں مقامی کلب سے وابستگی کے بعد اس کی کام یابیوں کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جس نے اسے شہرت اور مقام و مرتبے کے ساتھ امیر ترین کھلاڑی بنا دیا۔

11 سال کی عمر میں اسے ہارمونزکی ایک بیماری لاحق ہوگئی تھی۔ اسی عرصے میں ایف سی بارسلونا کے ایک عہدے دار کو میسی کے ٹیلنٹ کے بارے میں پتا چلا۔ انہوں نے ٹرائل کے بعد میسی سے باقاعدہ معاہدہ کرلیا اور اس کا علاج بھی کروایا۔ میسی نے اس پلیٹ فارم سے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرکے خود کو فٹ بال کی تاریخ کا عظیم کھلاڑی ثابت کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں