حمزہ علی عباسی کی فلم ’پروازہے جنون‘ قانونی شکنجے میں پھنس گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 مئ 2018
عدالت نے اگلی سماعت تک فلم کے کسی بھی طرح کے تشہیری مواد (ٹریلر اور ٹیزر)کو ریلیز سے روک دیا ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

عدالت نے اگلی سماعت تک فلم کے کسی بھی طرح کے تشہیری مواد (ٹریلر اور ٹیزر)کو ریلیز سے روک دیا ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

کراچی: نامورپاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کی فلم ’پرواز ہے جنون‘ ریلیزسے قبل ہی مشکلات کا شکارہوگئی۔

پاکستان ایئرفورس کے تعاون سے بنائی گئی فلم ’پروازہے جنون‘ کا انتظار شائقین بے چینی سے کررہے ہیں۔ فلم میں اداکار حمزہ علی عباسی مرکزی کرداراداکررہے ہیں جب کہ گزشتہ ماہ فلم کا پہلا ٹیزرجاری کیا گیا تھا جس میں حمزہ علی عباسی پاک فضائیہ کے پائلٹ کے روپ میں بے حد شاندار نظر آرہے تھے۔ فلم کے ٹیزر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی تاہم فلم اس وقت مشکلات کاشکار ہوگئی جب فلم کے وارڈ روب اسٹائلسٹ (لباس ڈیزائنر) سومر رحمان نے پروڈکشن ہاؤس پر کیس فائل کردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فلم ’پرواز ہے جنون‘ کا پہلا ٹیزر 

سومر رحمان نے ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم کے جاری ہونے والے ٹیزر میں ان کا نام ہی شامل نہیں کیا گیا، کیس میں ہونے والی نئی پیش رفت کے مطابق عدالت نے فلم کے کسی بھی طرح کے تشہیری مواد (ٹریلراورٹیزر) کو ریلیزسے روک دیا ہے۔

ڈیزائنر سومر رحمان کی جانب سے ایم ڈی فلمز، ایم ڈی پروڈکشنزکے سربراہ اور وائس پریزیڈنٹ کے خلاف کیس 27 اپریل کوفائل کیا گیا تھا جب کہ کیس کی پہلی سماعت 30 اپریل کو ہوئی تھی۔ سومر رحمان کا کہنا ہے کہ سماعت کے دوران عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے پروڈکشن ہاؤس کواگلی سماعت تک  میرے نام کے بغیرفلم کے ٹریلر، ٹیزر، پوسٹر یا گانے کو جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

سومر نے ٹیزر میں ان کا نام شامل نہ کیے جانے پر پروڈکشن ہاؤس سے تحریری معافی اور اپنے بقایا جات کی واپسی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ سومر کا مزید کہنا ہے کہ ایم ڈی پروڈکشن ہاؤس کا ریکارڈ ہے کہ وہ نوجوان فنکاروں کی صلاحیتوں کا استحصال کرتے ہیں۔

فلم کو درپیش قانونی مشکلات اور عدالتی حکم کے پیش نظر ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ فلم اپنے مقررہ وقت پر ریلیز ہوسکے گی یا نہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی کی نئی فلم کا پوسٹر جاری

واضح رہے کہ ہدایت کار حسیب حسن کی فلم ’پرواز ہے جنون‘میں اداکار حمزہ علی عباسی مرکزی کردار اداکررہے ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں اداکارہ ہانیہ عامر، شمعون عباسی، احد رضامیر، شاز خان اور کبریٰ خان شامل ہیں فلم عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔