فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے قومے میں چلے جانے والے جنوبی افریقا کے فٹ بالر لیویاندا نٹشنگزی آج زندگی کی بازی ہار گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے فٹ بالر رواں سال جنوری میں ایک دوستانہ میچ کھیلنے کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ وہ اسپتال میں گزشتہ چار ماہ سے کومے کی حالت میں تھے جہاں ان کا علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ لیوندا فٹ بال کلب مارٹز برگ یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے تھے جو اس وقت جنوبی افریقا کی پریمیئر لیگ میں چوتھے نمبر پر ہے۔
فٹ بال کلب مارٹزبرگ یونائیٹڈ نے اپنے 21 سالہ اسٹرائیکر لیویاندا نٹشنگزی کے انتقال کے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے فیس بک پر جاری کردہ پیغام میں فٹ بالر کو خراج تحسین پیش کیا، ابھرتے ہوئے کھلاڑی کی ناگہانی موت پر پوری ٹیم غم سے نڈھال ہے۔
اس سے قبل اسی کلب کے 27 سالہ موندلی اور 20 سالہ ملوندی دلمنی علیحدہ علیحدہ کار حادثوں میں ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ رواں سال یکم مارچ کو دوستانہ میچ کے دوران بجلی گرنے کے واقعے میں دیگر دو کھلاڑی بھی زخمی ہوئے تھے تاہم دونوں کھلاڑی صحت یاب ہو گئے تھے جب کے لیوندا مسلسل کومے میں تھے۔