ہمارے فنکاروں کو پروفیشل کام کے ساتھ فلمسازی میں بھی آگے آنا ہوگا، فرحانہ مقصود

قیصر افتخار  اتوار 6 مئ 2018
دودہائیوں کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کو شدید بحران کا سامنا رہا ہے: اداکارہ وماڈل کی’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو: سوشل میڈیا

دودہائیوں کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کو شدید بحران کا سامنا رہا ہے: اداکارہ وماڈل کی’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور: اداکارہ وماڈل فرحانہ مقصود نے کہا ہے کہ ہمارے فنکاروں کو پروفیشنل انداز سے کام کرنا ہوگا اوراس کے ساتھ ساتھ فلمسازی میں بھی آگے آنا ہوگا۔

’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے فرحانہ مقصود نے کہا کہ جس طرح ہالی وڈ کے بہت سے ستارے باقاعدہ فلمسازی کرتے ہیں، اسی طرح اب تو شاہ رخ، سلمان ، عامرخان، سیف علی اوراکشے کمار جہاں فلموں میں کام کرنے کا معاوضہ کروڑوں روپے وصول کررہے ہیں ، وہیں یہ تمام سپراسٹارز اپنی فلم انڈسٹری کومزید بہتر کرنے کے لیے فلمسازی بھی کررہے ہیں ، اسی لئے توبالی وڈ ترقی کی نئی راہوں پرگامزن ہے اوروہاں پرنوجوان اپنے سینئرز کے نقش قدم پرچلنے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں۔

فرحانہ مقصود نے کہا کہ اگرپاکستان فلم انڈسٹری پرنظرڈالیں تو گزشتہ دودہائیوں کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کو شدید بحران کا سامنا رہا ہے۔ ملک بھر میں سینما گھرختم ہونے لگے، نگارخانے اورسینما گھروں کی ویرانی نے فلم نگری کی اصل شکل دکھائی توہرطرف سے آہیں اورسسکیاں سنائی دینے لگیں۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ آہیں اورسسکیاں پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ ہونے والے معروف فنکاروں کی نہیں بلکہ ان ٹیکنیشنز اور ہنرمندوں کی تھیں، جنہوں نے اپنی تمام عمر اس شعبے کے لیے وقف کردی تھیں۔ مگر جب فلم انڈسٹری پربرا وقت آیا توفلمی ستارے انہیں تنہا چھوڑ کر خود ٹی وی اورفیشن انڈسٹریوں سے وابستہ ہوگئے اورواپس مُڑکربھی نہ دیکھا۔

فرحانہ مقصود نے کہا کہ یہی وہ وجوہات ہیں جن کی وجہ سے آج پاکستان میں فلم کا شعبہ وہ مقام نہیں رکھتا، جس کی دوسرے ممالک میں مثال دی جاتی ہے۔ ہمارے فنکاروں کو پروفیشنل انداز سے کام کرنا ہوگا اوراس کے ساتھ ساتھ فلمسازی میں بھی آگے آنا ہوگا، اگرایسا ہوگیا توپھرپاکستان فلم انڈسٹری کوترقی سے کوئی نہیں روک سکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔