چینی مسافر نے دوران پرواز جہاز کا دروازہ کھول دیا

چن نامی ملزم کو حراست میں لے کر 15 روز کے لئے جیل منتقل کردیا گیا ہے، چینی ائیرلائن انتظامیہ


ویب ڈیسک May 06, 2018
گرمی محسوس ہونے پر کھڑکی کھولنے کی کوشش کی تو ہنگامی دروازہ کھل گیا، ملزم کا بیان : فوٹو : فائل

چین میں ایک مسافر نے دورانِ پرواز طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں ایک شخص نے دوران پرواز جہاز کا ہنگامی دروازہ کھول دیا جس پر چائنیز ائرلائن کی فضائی کمپنی نے اس پر ہزاروں پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کردیا۔ چینی ائیرلائن کے حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی دروازہ کھولنے والے شخص کی تصدیق 25 سالہ چن کے نام سے ہوئی ہے جس نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

ائیرلائن انتظامیہ کے مطابق چن نے بیان دیا ہے کہ دورانِ پرواز اسے شدید گرمی اور گھبراہٹ محسوس ہوئی تو اس نے کھڑکی سمجھ کر ہنگامی دروازے کا ہینڈل گھما دیا۔ دروازہ کھلتے ہی طیارے میں ہوا کے تیز جھکڑ چلنے لگے تاہم جہاز کا عملہ فوری طور پر دروازہ بند کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

مسافر نے اپنی اس حرکت پر پشیمانی اور ندامت کا اظہار کیا۔ انتظامیہ کے مطابق پرواز لینڈ ہونے کے فوراً بعد ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے ملزم کو حراست میں لے کر 15 روز کے لئے جیل منتقل کردیا ہے جب کہ ائیرلائن کی جانب سے اس پر ہزاروں پاؤنڈ کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں