کچی سبزیاں اور پھل ڈپریشن سے محفوظ رکھنے میں اہم ثابت

دن میں کم سے کم 4 بار کچی سبزیاں اور پھل کھانے سے دماغ پر مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔


ویب ڈیسک May 10, 2018
کچی سبزیاں اور پھل دماغی امراض اور ڈپریشن میں انتہائی مفید ہیں۔ فوٹو: فائل

کچی سبزیوں اور پھلوں کا باقاعدہ استعمال ڈپریشن اور ذہنی تناؤ کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اگرچہ روایتی ماہرینِ غذائیات روزانہ 5 مرتبہ خاص انداز میں پھل اور سبزیاں کھانے پر زور دیتے ہیں لیکن جب بات ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کی ہو تو اس کے شکار افراد اپنی خوراک میں اس کا مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔ کچی سبزیاں اور پھل براہِ راست انسانی موڈ پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سبزیوں کو پکانے، بھوننے اور گرم کرنے سے ان کے اندر کئی اہم غذائی اجزا ضائع ہوسکتے ہی۔

نیوزی لینڈ میں 18 سے 25 برس کے 400 بالغ افراد نے ایک مطالعے میں حصہ لیا کیونکہ اس عمر کے لوگ سبزیاں اور پھل کم کھاتے ہیں اور ان میں ڈپریشن کے امکانات بھی ذیادہ ہوتے ہیں۔ مطالعے میں شامل افراد کو دو گروہوں میں تقسیم کرکے کچی اور پکی ہوئی سبزیاں اور پھل دیئے گئے۔ اس کے علاوہ ان کی طرزِ زندگی، نیند، ورزش، معاشی حالات اور جسمانی صحت کو بھی مدِ نظر رکھا گیا۔

ان میں سے جن افراد نے کچے پھل اور سبزیاں براہِ راست استعمال کی تھیں ان کے موڈ میں بہتری اور ڈپریشن میں کمی جیسے عوامل دیکھے گئے جب کہ پکی ہوئی سبزیوں اور پھل کھانے والوں میں کوئی خاص تبدیلی نہیں نوٹ کی گئی۔

ڈاکٹروں کا مشورہ ہے کہ آپ گہری رنگت کے پتوں والی سبزیاں، گاجر، کھیرے، سیب، کیوی ، کیلے ، تازہ بیریاں اور ترش پھل ذیادہ کھائیں جن کے فوائد مسلمہ ہیں، پھر ان کا فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ بدن میں جلن کم کرتی ہیں اور ذیابیطس کو دور رکھتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں