سام سنگ فولڈ ایبل اسمارٹ فون کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں

ویب ڈیسک  بدھ 9 مئ 2018
سام سنگ کا فولڈ ایبل فون تین حصوں میں فولڈ ہوسکے گا۔ فوٹو: یو ایس پیٹنٹ آفس

سام سنگ کا فولڈ ایبل فون تین حصوں میں فولڈ ہوسکے گا۔ فوٹو: یو ایس پیٹنٹ آفس

 واشنگٹن: سام سنگ کی جانب سے تہہ ہوجانے والے اسمارٹ فون کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا ہے اور اب اس کی مزید تفصیلات منظرِعام پر آگئی ہیں۔ اس فون کی سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ شاید یہ تین حصوں میں فولڈ ہوگا۔

دو مئی کو سام سنگ کمپنی کو اس نئے فون کی مزید کئی پیٹنٹس دی گئی ہیں جن سے اس فون کے بارے میں بہت کچھ سمجھنے میں مدد ملے گی۔ پہلے افواہیں تھیں کہ سام سنگ کا تہہ ہوجانے والا فون کتاب کی طرح دو حصوں میں کھلےگا اور بند ہوگا لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ یہ تین حصوں میں فولڈ ہوگا۔

تاہم پیٹنٹ ملنے کی باوجود ضروری نہیں کہ یہ فون شرمندہ تعبیر بھی ہوسکے کیونکہ کئی کمپنیوں کو پیٹنٹ ملنے کے باوجود بھی ان میں جدت کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوپاتیں جن میں کئی مشکلات حائل ہوتی ہیں۔ پیٹنٹ کے مطابق اسمارٹ فون ڈسپلے درمیان سے بھی فولڈ ہوگا۔ اس طرح ایک اسکرین کو آپ دو حصوں میں بھی تقسیم کرسکیں گے مثلاً ایک جگہ ایپس اور دوسری جگہ کوئی اور شے دیکھنا ممکن ہوگا۔ کام مکمل ہونے کے بعد آپ فون کو بند کرسکیں گے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ فون کے دو حصے فولڈ ہونے کے بعد ڈسپلے کا ایک حصہ پیغامات اور سوشل میڈیا نوٹیفکیشن دیکھنے کے لیے استعمال ہوگا۔ تجزیہ کاروں نے پیٹنٹ کی تصاویر دیکھنے کے بعد سام سنگ کے فولڈ ایبل موبائل پر اپنا جائزہ پیش کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔