ایفی ڈرین کوٹا کیس،مزید 2 افرادوعدہ معاف گواہ بن گئے

قیصر شیرازی  جمعـء 19 اپريل 2013
کمپنی کے سابق افسرسمیت دونوں ملزمان کے بیانات مقدمے کا حصہ قرار، سماعت آج ہوگی  فوٹو: فائل

کمپنی کے سابق افسرسمیت دونوں ملزمان کے بیانات مقدمے کا حصہ قرار، سماعت آج ہوگی فوٹو: فائل

راولپنڈي: ایفیڈرین کوٹا الاٹمینٹ اسکینڈل واسمگلنگ کیس میںمزید 2 افراد نامزد ملزمان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے۔

دونوںکو اینٹی نارکوٹکس فورس کے تفتیشی افسرایس پی عابد ذوالفقار نے اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ حسن رانجھا کی عدالت میں پیش کیاجہاں دونوں کے بیانات ریکارڈکیے گئے۔بارلیکس فارماسیوٹیکل کمپنی کے سابق انتظامی افسرخالدنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ بارلیکس کمپنی نے مجموعی طور پر 6500 کلو ایفیڈرین کا کوٹا حاصل کیامگراس سے ایفیڈرین کی دوائی نہیں بنائی گئی بلکہ کمپنی نے اسے اسمگل کرکے بھاری دولت کمائی۔

دوسرے ملزم نے بھی تصدیق کی کہ ایفیڈرین کاکوٹا حاصل کرنیوالی کمپنیوں نے کوٹا حاصل کرکے اسمگل کیا۔وعدہ معاف گواہان کے بیانات کومقدمے کاحصہ بنالیاگیا ہے۔مقدمہ کی سماعت آج انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ارشد محمود تبسم کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔