امریکا میں پاکستان کے رواں برس مقابلوں کا امکان ختم

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ مجوزہ ٹرائنگولر سیریز کو شیڈول نہیں کر سکا


Saleem Khaliq May 11, 2018
کیریبیئن پریمیئر لیگ کا تاریخیں آگے بڑھانے سے انکار،گرین شرٹس کے سخت شیڈول سے نئی ونڈو نکالنا دشوار۔ فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ امریکا میں مجوزہ ٹرائنگولر سیریز کو شیڈول نہیں کر سکا جس کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں برس امریکا میں کرکٹ نہیں کھیل سکے گی۔

ویسٹ انڈین ٹیم نے رواں برس پاکستان کا دورہ کیا تھا، جواب میں پاکستانی اسکواڈکو بھی ٹور کرنا تھا، اس دوران امریکا میں میچز کا منصوبہ تھا جس کی آمدنی میں سے پی سی بی کو بھی حصہ ملتا، سیریز کیلیے اگست کی تاریخیں رکھی گئی تھیں مگر اب مقابلوں کا امکان مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے چند برس قبل لیگ کے حقوق ایک برطانوی کمپنی کو فروخت کر دیے تھے جو تمام انتظامات سنبھالتی ہے، سی پی ایل کاآغاز8 اگست کو ہونا ہے لیکن ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے کیریبیئن لیگ کے منتظمین سے درخواست کی تھی کہ وہ ایونٹ کو ایک ہفتے آگے بڑھا دیں مگر انھوں نے اتفاق نہ کیا،ان کا کہنا تھا کہ اس صورت میں غیرملکی پلیئرز کو بلانے میں مشکل ہوگی۔

پاکستانی ٹیم ان دنوں آئرلینڈ میں موجود ہے، وہاں سے اسے انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ بھی جانا ہے، دورے کا اختتام 13 جون کو ہوگا،اسی ماہ کی 28 تاریخ کو گرین شرٹس زمبابوے پہنچ جائیں گے جہاں آسٹریلیا اور میزبان سے ٹرائنگولر سیریز ہوگی، 13 جولائی سے پاکستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف5 ون ڈے میچز کھیلے گی۔ دورے کا اختتام22 تاریخ کو ہونا ہے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق وہیں سے پاکستانی ٹیم کو امریکا پہنچ کر ویسٹ انڈیز سے میچز کھیلنے تھے، وہاں لوڈرہل،فلوریڈا اور ہیوسٹن میں بنگلہ دیش کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز کاانعقاد بھی ہوتا،ڈبل لیگ کی بنیاد پر 4 میچز ایک اور3 دوسرے شہر میں ہوتے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ مجوزہ ٹرائنگولر سیریز کو شیڈول نہیں کر سکا، جس کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں برس امریکا میں کرکٹ نہیں کھیل سکے گی کیونکہ اگر اگست میں سیریز نہ ہو سکی تو پھر پاکستان ٹیم کے مصروف شیڈول سے وقت نکالنا ناممکن ہے، کیریبیئن لیگ کا اختتام16 ستمبر کو ہوگا، 13 تاریخ سے یو اے ای میں ایشیا کپ کا آغاز ہونا ہے۔

اکتوبر میں گرین کیپس کی آسٹریلیا اور نومبر، دسمبر میں نیوزی لینڈ سے سیریز ہوں گی،دسمبر کے تیسرے ہفتے میں ٹیم جنوبی افریقہ چلی جائے گی جہاں6 فروری2019 تک میچز کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈین بورڈ نے تاحال بنگلہ دیش سے ہوم سیریز کا شیڈول بھی جاری نہیں کیا جسے جولائی، اگست میں وہاں کھیلنا ہے، بنگال ٹائیگرز 31 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کر چکے جو ان دنوں ٹریننگ کیمپ میں شریک ہیں۔

لوڈرہل میں ویسٹ انڈین ٹیم نے 2016میں بھارت سے2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے، وہاں اس سے قبل مختصر طرز کے 4 میچزاور سی پی ایل کے مقابلے بھی ہو چکے، البتہ ہیوسٹن میں تاحال کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں