تازہ پھل کھائیں اور چہرے سے جھریاں دور کریں

مہنگی کریموں کی بجائے خواتین روزانہ ایک سیب کھا کر چہرے کو جوان رکھ سکتی ہیں


ویب ڈیسک May 12, 2018
خواتین تازہ پھل کھائیں اور چہرے کی جھریاں دور کریں۔ فوٹو: فائل

اگر آپ خاتون ہیں اور چہرے پر جھریوں سے پریشان ہیں تو اس کا مؤثر علاج آپ کے گھر میں تازہ پھلوں کی شکل میں موجود ہے۔

ہالینڈ کے شہر روٹرڈیم کے ایراسمس میڈیکل سینٹر کے ماہرین نے کہا ہے کہ 50 سال کی خواتین اگر تازہ پھل اور سبزیاں استعمال کریں تو ان کے چہرے پر جھریوں کے خطرات بہت حد تک کم ہوسکتے ہیں اور ان پھلوں میں سیب سرِفہرست ہے۔

جو خواتین سرخ گوشت اور بریڈ زیادہ کھاتی ہیں ان کے چہروں پر جھریاں زیادہ نمودار ہوسکتی ہیں۔ اسی لیے ماہرین کا اصرار ہے کہ مہنگی ترین کریموں کے بجائے تازہ پھلوں کا استعمال چہرے پر بڑھاپے کے نقوش کو روکنے میں بہت معاون ثابت ہوتا ہے۔ ہر سال پاکستان میں بھی کروڑوں روپے چہرے پر جھریوں کے اثرات روکنے والی کریموں پر خرچ ہورہے ہیں اور امیر خواتین جوان دکھائی دینے کے لیے بوٹوکس کے ٹیکے لگوا رہی ہیں۔

ایراسمس میڈیکل سینٹر کے ماہرین نے 2700 ایسے مرد اور خواتین کا سروے کیا جن کی عمریں 50 برس سے زیادہ تھیں۔ ہر رضاکار کے چہرے کے تھری ڈی اسکین لے کر اس پر جھریوں کی گنتی کی گئی۔ ان میں سے تازہ پھل، سبزیاں اور مچھلی کھانے والی خواتین کے چہرے پر اسی لحاظ سے کم جھریاں تھیں جبکہ گوشت، شراب نوشی اور میٹھا زیادہ کھانے والی خواتین کے چہرے پر اسی تناسب سے جھریوں کی مقدار بہت زیادہ تھی۔

مردوں کو پھل کھانے سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا اور ان کے چہرے پر معمول کے تحت جھریاں آتی رہیں۔ اس لحاظ سے پھل کھانا خواتین کے لیے بہت مفید قرار پایا ہے۔ یہ تحقیقات جرنل آف امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی میں شائع ہوئی ہیں۔

جلد کے ماہرین کے مطابق خواتین کی جلد مردوں کے مقابلے میں پتلی ہوتی ہے اور اسی بنا پر پھلوں اور سبزیوں کے اجزا کا ان پر بہتر اثر ہوتا ہے۔ اس تحقیق کی اہم رکن ڈاکٹر سلمیٰ میقس کہتی ہیں کہ خواتین دھوپ اور تمباکو نوشی سے گریز کرتے ہوئے روزانہ سیب سمیت تازہ پھل کھائیں تو اس کے بہتر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

پھلوں میں فلیوینوئڈز اور دیگر ضروری اجزا پائے جاتے ہیں اور ساتھ ہی وٹامن جلد سمیت پورے جسم کو کئی امراض سے بچاتے ہیں۔ پھلوں میں فائبر اور دیگر اہم مرکبات جلد کو لٹکنے سے بچاتے ہیں اور اسے ہموار اور خوبصورت رکھتے ہیں۔ پھر مردوں کے مقابلے میں خواتین کی جلد میں کولاجن کی شرح بھی کم ہوتی ہے جس سے عمر ان کے چہرے پر ظاہر ہوجاتی ہے۔ جبکہ مردوں میں ایسا نہیں ہوتا اور وہ طویل عمر تک جوان دکھائی دیتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں