پاکستان کو جواب سے گریز یو اے ای نے اپنی لیگ کی تیاریاں تیز کردیں

ہر سال جنوری میں 5 فرنچائزز کی لیگ کرائی جائے گی،پلیئرزایجنٹس کو خطوط ارسال


Saleem Khaliq May 12, 2018
پی ایس ایل کے سابق اعلیٰ آفیشلزسلمان سرور بٹ اور فیصل مرزا کی خدمات حاصل۔ فوٹو: فائل

پاکستان کو واضح جواب دینے سے گریزاں یو اے ای نے اپنی لیگ کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے گذشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کو واضح تنبیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اکتوبر سے مارچ تک کوئی ایونٹ نہ کرائے، بصورت دیگر پاکستان اپنی تمام تر کرکٹ یو اے ای سے ملائیشیا منتقل کر دے گا، ان کے اس الٹی میٹم کا تاحال اماراتی حکام نے کوئی جواب نہیں دیا ہے، وہاں افغانستان5اکتوبر سے اپنی لیگ کرانے کا اعلان کر چکا، اب یو اے ای کرکٹ خود اپنی لیگ بھی کرانے کیلیے پر تول رہی ہے۔

پلان کے مطابق امارات کرکٹ ٹی20 لیگ ہر سال جنوری میں ہوا کریگی،ذرائع کے مطابق پہلا ایڈیشن 2019میں ہوگا۔ آئی سی سی تمام بورڈزکو 13 مارچ 2018کو ایونٹ کی منظوری کے حوالے سے ای میل بھیج چکی ہے۔

امارات کرکٹ بورڈ نے لیگ کے آفیشل رائٹس او پی آئی اسپورٹس کو دیدیے، جس کے سربراہ پی ایس ایل کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ ہیں، پاکستان لیگ کے ہیڈ آف پلیئرز ایکویزیشن فیصل مرزا اسی حیثیت سے اماراتی ایونٹ میں بھی شامل ہیں۔

لیگ میں ابوظبی، عجمان، دبئی، راس الخیمہ اور شارجہ کی5 فرنچائزز حصہ لیں گی، ٹیموں میں آئی سی سی فل و ایسوسی ایٹ بورڈز کے12 سے 13 موجودہ،3 سے 4 موجودہ اماراتی اور دنیا بھر سے2 جونیئر انڈر 19 و 23 کرکٹرز شامل ہوا کریں گے، کھلاڑیوں کا انتخاب بذریعہ ڈرافٹ ہوگا، اس ضمن میں پلیئرز ایجنٹس کو خطوط جاری کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یو اے ای پی سی بی کے ساتھ معاملات حل کرنے کیلیے کوشاں ہے،اس ضمن میں جلد ہی کوئی حل سامنے آئیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں