آئی پی ایل: کنگز الیون کے اظہر محمود ہیرو سے زیرو بن گئے

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 20 اپريل 2013
آئی پی ایل میں سن رائزرزحیدرآباد کے ڈیل اسٹین کا بولنگ ایکشن، کنگز الیون پنجاب کیخلاف انھوں نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ٹیم نے میچ میں 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔  فوٹو : اے ایف پی

آئی پی ایل میں سن رائزرزحیدرآباد کے ڈیل اسٹین کا بولنگ ایکشن، کنگز الیون پنجاب کیخلاف انھوں نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ٹیم نے میچ میں 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ فوٹو : اے ایف پی

حیدرآباد / دکن:  کنگز الیون پنجاب کو آئی پی ایل کے پچھلے میچ میں فتح دلانے والے اظہر محمود ہیرو سے زیرو بن گئے،تشارا پریرا نے پاکستانی آل راؤنڈر کے ایک اوور میں تین چھکے لگا کر 5 وکٹ کی آسان فتح سن رائزرز کی جھولی میں ڈال دی۔

124 رنز کا ہدف پانے والی فاتح سائیڈ نے اوپنر کوائنٹن ڈی کوک کے صفر پر پویلین لوٹنے کے باوجود ہدف 18.5 اوورز میں5وکٹ پر حاصل کرلیا،ہانوما ویہاری 46رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ اختتام پر تشارا پریرا نے 11 گیندوں پر 23رنز ناٹ آؤٹ بناکر فتح ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔

رائزرز کو اختتامی 12 گیندوں پر 18رنز درکار تھے تاہم سری لنکن جارح مزاج بیٹسمین نے اظہر محمود کو 19ویں اوور میں تین چھکے لگاکر معاملہ آخری اوور میں جانے ہی نہیں دیا، پریرا نے اوور کی پہلی گیند پر اظہر کا استقبال چھکا لگاکر کیا، جس کے بعد انھوں نے دوسری گیند وائیڈ کردی،اگلی دوگیندوں پر حریف بیٹسمینوں نے سنگلز بنائے جس کے بعد چوتھی اور پانچویں گیند پر پریرا نے لگاتار دو چھکے جڑکر پاکستانی بولرکوبے بس کردیا، منپریت گونی نے 2 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل کنگز الیون پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹیں گنواکر 123رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنر منپریت سنگھ( 10) کے جلد میدان بدر ہونے کے بعد کپتان ایڈم گلکرسٹ نے 26رنز بناکر ٹیم کو سنبھالا دیا، ون ڈاؤن بیٹسمین پال والٹھاٹھی 6رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ ہسی( 22) اور پیوش چاؤلہ (23) نے اسکور بورڈ کو متحرک رکھا، گرکریت سنگھ کے 17رنز بھی نمایاں رہے، اظہر محمود 4رنز بنا سکے، ایشانت شرما، امیت مشرا اور کرن شرما نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔