دنیا کا جدید اور ہلکا ترین مشینی ہاتھ تیار؛ لیکن قیمت 12 لاکھ روپے

ویب ڈیسک  پير 14 مئ 2018
اطالوی کمپنی کا تیارکردہ مصنوعی بازو۔ فوٹو بشکریہ اٹالین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی

اطالوی کمپنی کا تیارکردہ مصنوعی بازو۔ فوٹو بشکریہ اٹالین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی

روم: اطالوی ماہرین نے ہاتھوں سے محروم افراد کے لیے دنیا کا جدید ترین، ہلکا پھلکا اور بہترین مشینی بازو تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اگلے سال اس کی تجارتی پیمانے پر تیاریاں شروع کردی جائیں گی۔

اٹالین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ڈاکٹر ڈی میکائیلی اور ان کی ٹیم نے یہ بازو بنایا ہے جو انتہائی جدید اور پیچیدہ ترین ہے۔ ڈاکٹروں کا دعویٰ ہے کہ یہ بہترین گرفت فراہم کرتا ہے جو اس سے پہلے کسی مصنوعی یا مشینی بازو کے ذریعے ممکن نہ تھی جبکہ یہ بہت مؤثر بھی ہے۔ کمپنی اگلے سال اسے تجارتی پیمانے پر تیار کرے گی اور اس کی قیمت 10 سے 12 ہزار یورو کے درمیان رکھی گئی ہے جو 12 سے 13 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

شکاگو کی شرلے ریان ایبلیٹی لیب سے وابستہ مصنوعی اعضا کے ایک ماہر ارون جیارامان نے کہا ہے کہ اس سے قبل جو بھی مصنوعی بازو بنے ہیں وہ بہت بھاری ہیں لیکن کم وزن اس بازو سے بہت سے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ماہرین نے کہا ہے کہ اس کا وزن انسانی ہاتھ کے برابر ہے۔

ماہرین نے گزشتہ تین سال سے اس ہاتھ کو مختلف معذور افراد پر آزمایا ہے جو پنسل تھامنے، کار اسٹیئرنگ گھمانے اور اے ٹی ایم مشین سے رقم نکالنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ 64 سالہ ایک شخص نے یہ بازو آزمانے کے بعد کہا ہے کہ وہ اب سکون سے ڈرائیونگ کرسکتے ہیں اور میز پر رکھی چھری بھی اٹھاسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔