امریکی سفارتکار کی روانگی جاں بحق عتیق کے والد نے صلح کی تردید کردی

40 لاکھ روپے اور ایک بچے کو نوکری کی پیشکش کی گئی تھی، والد ادریس بیگ


ویب ڈیسک May 14, 2018
40 لاکھ روپے اور ایک بچے کو نوکری کی پیشکش کی گئی تھی، والد ادریس بیگ (فوٹو: انٹرنیٹ)

امریکی سفارتکار کی گاڑی سے ہلاک ہونے والے شہری عتیق کے والد نے کرنل جوزف کے معاملے میں صلح ہونے یا دیت کی رقم لینے کی تردید کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جاں بحق شہری عتیق کے والد ادریس بیگ نے کہا ہے کہ کرنل جوزف کے معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی، ہماری بات چیت اپنی حکومت کے ساتھ چل رہی ہے اور اب معاملہ اللہ کی ذات پر چھوڑ دیا ہے۔

یہ پڑھیں: پاکستانی شہری کو کچلنے والا امریکی سفارتکار کرنل جوزف امریکا روانہ

انہوں نے بتایا کہ معاملے کے آغاز میں امریکا کی جانب سے ورثا کو 40 لاکھ روپے اور ایک بچے کو نوکری کی پیشکش کی گئی تھی لیکن ہم نے پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔

atiq

اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش امریکی سفارت خانے کی جانب سے ادریس بیگ کو حادثے کے چوتھے دن کی گئی تھی تاہم مرحوم عتیق کے والد نے ابتداء میں کسی قسم کی دیت لینے سے انکار کیا تھا جس کے بعد مختلف چینلز کے ذریعے عتیق کے ورثا سے صلح کی کوششیں جاری رہیں۔

بعدازاں عتیق کے والد نے کرنل جوزف کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی تھی کہ ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جاسکے تاہم حکومت کی جانب سے امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو سفارتی استثنیٰ دے دیا گیا جس کے بعد وہ فوری طور پر امریکا روانہ ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں