رمضان کرکٹ ختم ہوجائے گی، جنید علی شاہ

اسپورٹس رپورٹر  منگل 15 مئ 2018
5تا15لاکھ فیس ناانصافی ہے،کراچی کے آرگنائزرزایونٹس سے کماتے نہیں ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

5تا15لاکھ فیس ناانصافی ہے،کراچی کے آرگنائزرزایونٹس سے کماتے نہیں ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی:  

ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ پی سی بی کراچی میں رمضان کرکٹ ختم کرنے کے در پے ہے۔

اصغر علی شاہ فائونڈیشن کے زیراہتمام گزشتہ22 برسوں سے رمضان المبارک میں منعقد ہونے والا ڈاکٹر ایم اے شاہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی کے باعث مشکلات کا شکار ہے، اس حوالے سے پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ پی سی بی کراچی میں رمضان کرکٹ ختم کرنے کے در پے ہے، رمضان کی آمد سے چند روز قبل این او سی جاری کرنے کے لیے بھاری فیسوں کا اطلاق کراچی کرکٹ کے ساتھ ظلم ہے، 5 لاکھ سے15لاکھ روپے تک لینا کہاں کا انصاف ہے، کراچی میں رمضان کرکٹ سے کوئی بھی آرگنائزر پیسے نہیں کماتا بلکہ ہمیں میچوں کو ٹیلی کاسٹ کرنے کے بھی پیسے دینا پڑتے ہیں، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ رمضان کرکٹ پیسے کمانے کا دھندہ ہے تو اس کی سوچ غلط ہے۔

چیف آرگنائزر نے کہاکہ رمضان کرکٹ سے لوکل کرکٹرز کو اچھی آمدنی ہوتی ہے، ماضی میں پی سی بی نے خود بھی رمضان کرکٹ منعقد کرانے کی کوشش کی تھی جس میں اسے ناکامی ہوئی اور اب وہ کراچی کرکٹ کو ہی ختم کرنے کی کوششو ں میں مصروف ہے، ہم اپنی جیب سے خرچ کرکے رمضان میں کرکٹ کراتے ہیں کیونکہ وہ 22 سال سے ہو رہی ہے، میں حق کے لیے آواز بلند کررہا ہوں، اگر مجھے  بورڈ کے دبائو کی وجہ سے اپنے ٹورنامنٹ کے لیے اچھے امپائرز دستیاب نہیں ہوئے تو میں پھر بھی ٹورنامنٹ کرائوں گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔