مارویل کا پہلی بار پاکستانی سپر ہیرو پر فلم بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 16 مئ 2018
یہ پہلی بار ہوگا کہ فلم کی دنیا میں کوئی مسلمان کردار کسی سپر ہیرو کے روپ میں پیش کیا جائےگا (فوٹو: بی بی سی)

یہ پہلی بار ہوگا کہ فلم کی دنیا میں کوئی مسلمان کردار کسی سپر ہیرو کے روپ میں پیش کیا جائےگا (فوٹو: بی بی سی)

 لندن: مارویل کی طرف سے ایک نئی فلم بنانے پر کام جاری ہے جس میں پہلی بار ایک مسلمان پاکستانی لڑکی کمالہ خان کو بطور سپر ہیرو پیش کیا جارہا ہے جسے کامک بک میں ’مس مارویل‘ کا لقب دیا گیا ہے۔

قبل ازیں یہ کردار مارویل کی کامک بک میں 2014ء میں متعارف کرایا جاچکا ہے تاہم اب اس کردار کو باقاعدہ فلم اسکرین پر پیش کیا جائے گا اور یہ پہلی بار ہوگا کہ کوئی مسلمان کردار کسی سپر ہیرو کے روپ میں پیش کیا جائےگا اور یہ بھی پہلی بار ہوگا کہ کسی سپر ہیرو کا تعلق پاکستان سے ہوگا۔

ایوینجر انفنیٹی وار کے پروڈیوسر کیون فیج نے بی بی سی کو بتایا کہ مس مارویل یقیناً ایک مختلف شخصیت ہے اور کامک بک کا ایک اور کردار ہے یہ ایک مسلمان لڑکی ہے جو کیپٹن مارویل سے متاثر ہے۔

کیون فیج کے مطابق 2019ء میں ایک نیا کردار کیپٹن مارویل متعارف کرایا جائے جس کے بعد اگلی ویمن لیڈ فلم میں مس مارویل کا کردار متعارف ہوگا۔

کمالہ خان کا کردار کون ادا کرے گا؟

کامک بک میں یہ کردار ایک ایسے خاندان کی لڑکی ادا کرتی ہے جو کہ پاکستانی نژاد امریکی خاندان ہے اور نیو جرسی میں رہائش پذیر ہے۔ یہ بات ابھی حتمی طور پر طے نہیں ہوئی کہ یہ کردار کون ادا کرے گا یعنی اس کے پیچھے کس کی آواز ہوگی؟ تاہم امکان ہے کہ اس کردار کی آواز کے لیے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کیا جاسکتا ہے کہ پہلے بھی مارویل کے کئی موبائل گیمز میں اپنی آواز کے جادو جگا چکی ہے۔

پریانکا کے پرستار اس کردار میں انہیں کاسٹ کرنے کے حامی تاہم بہت سے آوازیں یہ بھی بلند ہوئی ہیں کہ پریانکا بھارتی ہیں اور یہ کردار پاکستانی لڑکی کا ہے، پریانکا کی عمر زیادہ ہے جب کہ یہ ایک نوجوان لڑکی ہے اس لیے کسی کم عمر اور پاکستانی اداکارہ کی آواز اس کردار کے لیے زیادہ موزوں رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔